کالم

وزیر اعظم کادورہ سعودی عرب !

اقوام عالم اور مسلم اُمہ میں اِس وقت سعودی عرب ایک نئی پہچان اور معاشی قوت کے طور پر اُبھررہاہے ۔خصوصاً ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کے انقلابی اقدامات سے عرب ممالک ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں ۔ٹیکنالوجی سے مربوط نظام تشکیل دیے جارہے ہیں اور سعودی عرب کا منصوبہ 2030ءانتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔اگر پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کاذکرکیاجائے توسعودی عرب اورپاکستان کے ہمیشہ سے برادرانہ تعلقات ہیں اورپاکستان کے ہرکٹھن وقت اور مشکل میں سعودی عرب نے بحثیت بڑابھائی پاکستان کابھرپور ساتھ دیا ۔اِس وقت وطن عزیز میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہے اور میاں شہبازشریف وزیر اعظم ہیں اورمیاںبراداران کی قیادت پر نہ صرف سعودی عرب بلکہ تمام عرب امارات اور بین الاقوامی قیادتیں بھرپور اعتماد کا اظہارکرتی ہیں اور اِس کی بڑی وجہ مسلم لیگ ن کی کارکردگی اور کامیاب خارجہ پالیسی ہے ۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے منصب اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے زیادہ دورے سعودی عرب کے کئے اور سعودی عرب نے بھی ہراہم عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کونہ صرف مدعوکیابلکہ وزیر اعظم کی تجاویز پر بھی بغورجائزہ لیاخصوصاً مستقبل کے حوالے سے جہاں پاکستان میں وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے بھی”اُڑان پاکستان “پروگرام کا آغاز کیا ہوا ہے وہیں وزیراعظم مستقبل چیلنجز اور اقدامات کے حوالے سے بھی بھرپور عبوررکھتے ہیں ۔گزشتہ روزوزیر اعظم محمد شہبازشریف اپنے چارروزہ دورہ سعودی عرب پر جدہ پہنچے تومکہ مکرمہ کے نائب گورنر عزت مآب شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز آل سعود نے وزیراعظم کا بھرپور استقبال کیا ۔وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اہم وفاقی وزراءو اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔جدہ میں وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان سے انتہائی گرمجوشی اور مفصل ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں سپہ سالارآمی چیف جنرل سیدعاصم منیر سمیت وفد کے دیگراراکین بھی موجود تھے۔دونوں راہنماﺅں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط، تاریخی تعلقات ، اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پرگفتگو کی جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔وزیراعظم نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے عزم کو سراہا، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں معاون ثابت ہوں گے۔ دونوں اطراف نے علاقائی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنما¶ں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے کے سیاسی منظر نامے پر بھی بات چیت کی اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف بھی کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنما¶ں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پربھی زور دیا۔
وزیر اعظم محمدشہبازشریف کے سعودی عرب کے گزشتہ دوروں کی بدولت ہی سعودی عرب نے پاکستان میں مزیدسرمایہ کاری کرنے اور دوطرفہ تجارت مزیدبڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے تھے اِس حوالے سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری عزت مآب خالدالفالح کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں جن کی کاوشوں کی بدولت پاکستان میں مزیدبیرونی سرمایہ کاری آناشروع ہوئی۔وزیر اعظم شہبازشریف نے اپنے دورہ کے دوران سعودی ولی عہد کے بعد سعودی وزیربرائے سرمایہ کاری خالد الفالح اور جوائنٹ ٹاسک فورس برائے اقتصادی مصروفیات کے سربراہ جناب محمد التویجری سے بھی ملاقات کی ملاقات میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، پاکستان میں مزید سعودی سرمایہ کاری لانے اور اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے سعودی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے مزید عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی اسٹریٹجک پوزیشن اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کی وسیع صلاحیت پر زور دیتے ہوئے سعودی کاروباری اداروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت کاروبار مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی۔ دونوں فریقوں نے منظم مصروفیات اور مشترکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے ذریعے پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں طویل مدتی اور باہمی طور پر مفید اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے عزم پر زور دیا گیا۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ آج پاکستان کے مثبت معاشی اعشاریوں میں وزیر اعظم محمد شہبازشریف اور اِن کی ٹیم کی شبانہ روزکاوشیں شامل ہیں اور خصوصاًخارجہ پالیسی کی بدولت ہی آج بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستان میں معیشت مزیدپروان چڑھ رہی ہے ۔وزیراعظم محمد شہبازشریف کاحالیہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی افہام و تفہیم میں اضافے، تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر سفارتی روابط کے مزید فروغ کی راہ ہموار کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے