ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے نیشنل کرپشن پرسیپشن سروے (NCPS) 2025 جاری کر دیا ہے، جس میں بدعنوانی کے تاثر میں کمی اور شفافیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 66 فیصد پاکستانیوں نے بتایا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران انہیں کسی سرکاری کام کے لیے رشوت نہیں دینی پڑی۔
سروے میں 60 فیصد شرکا نے اس بات سے اتفاق کیا کہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے اور ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے اقدامات کے ذریعے معیشت کو مستحکم کیا ہے، جس سے ملکی معیشت زبوں حالی سے استحکام اور ترقی کی طرف گامزن ہے۔ رپورٹ کے مطابق 43 فیصد نے قوتِ خرید میں بہتری جبکہ 57 فیصد نے کمی کی رپورٹ دی۔
سروے کے مطابق 51 فیصد شرکا چاہتے ہیں کہ ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے والے این جی اوز، ہسپتال، لیبارٹریاں، تعلیمی ادارے اور دیگر فلاحی ادارے عوام سے کوئی فیس وصول نہ کریں، جبکہ 53 فیصد شرکا کے مطابق یہ ادارے اپنے ڈونرز اور عطیات کی تفصیل عوام کے سامنے ظاہر کریں۔
یہ سروے 22 سے 29 ستمبر 2025 کے دوران ملک بھر میں کیا گیا، جس میں 2023 کے مقابلے میں 4000 افراد نے حصہ لیا۔ شرکا میں 55 فیصد مرد، 43 فیصد خواتین اور 2 فیصد خواجہ سرا شامل تھے، جبکہ 59 فیصد شہری اور 41 فیصد دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق بدعنوانی کے تاثر میں سب سے زیادہ پولیس سرفہرست ہے، جس کے بعد ٹینڈر اور پروکیورمنٹ، عدلیہ، بجلی و توانائی اور صحت کے شعبے شامل ہیں۔ ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت پولیس کے رویے اور سروس ڈلیوری میں 6 فیصد مثبت بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
عوام کے مطابق بدعنوانی کی بڑی وجوہات میں شفافیت کی کمی، معلومات تک محدود رسائی اور کرپشن کیسز کے فیصلوں میں تاخیر شامل ہیں۔ سروے میں 59 فیصد شرکا نے کہا کہ صوبائی حکومتیں زیادہ بدعنوان سمجھی جاتی ہیں۔
عوامی رائے کے مطابق کرپشن کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات میں احتساب مضبوط بنانا، صوابدیدی اختیارات محدود کرنا، حقِ معلومات کے قوانین کو مضبوط کرنا اور عوامی خدمات کو ڈیجیٹل بنانا شامل ہیں۔ سروے میں 83 فیصد شرکا سیاسی جماعتوں کی بزنس فنڈنگ پر مکمل پابندی یا سخت ضابطہ کاری کے حامی ہیں، جبکہ 42 فیصد شرکا موئثر whistleblower تحفظ قوانین کے حق میں ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 70 فیصد شرکا کسی بھی سرکاری کرپشن رپورٹنگ نظام سے ناواقف ہیں۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے مطابق یہ سروے بدعنوانی کی اصل شرح نہیں بلکہ عوام میں بدعنوانی کے تاثر اور شفافیت کے بارے میں عوامی رائے کو ظاہر کرتا ہے۔

