پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مشق 2024اختتام پذیر ہوگئی ہے یہ اس طرز کی ساتویں مشق تھی۔ساٹھ گھنٹے پر محیط سخت پیٹرولنگ مشق کا مقصد شرکا کو جنگی ماحول میں جدید رجحانات کے مطابق باہمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے سپاہیانہ مہارتوں کو بڑھانا کے مواقع فراہم کرنا تھا۔یہ مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں 25 سے 27 فروری 2024 کے دوران منعقد کی گئی۔مشق میں فوج کی سات ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ دوست ممالک بشمول بحرین، اردن، قازقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، قطر، امریکا، ازبکستان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ترکی کی 15 ٹیموں شریک ہوئیں۔ آذربائیجان، چین، جرمنی، انڈونیشیا اور میانمار نے بطور مبصر مشق کا مشاہدہ کیا۔ گزشتہ چندبرسوں کے دوران یہ مشق دوست ممالک کیلئے ایک انتہائی مسابقتی پیشہ وارانہ فوجی سرگرمی کے طور پر خصوصی اہمیت حاصل کر چکی ہے۔ اختتامی تقریب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطاب کیا،جبکہ اس سے قبل مشق کے مختلف مراحل کے دوران حصہ لینے والی ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی برداشت، اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔جنرل عاصم منیر نے خطاب میںکہا کہ اس طرح کی مشقوں کے دوران سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ٹیم اسپرٹ مقابلے پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں اور حصہ لینے والے سپاہیوں کی حکمت عملی کو یکجا کرنے کا صحیح فورم ہے جہاں جنگ کے بدلتے ہوئے ماحول کے سامنے ٹیم کے جذبے کو فروغ ملتا ہے۔کردار، جرات اور قابلیت پر مبنی بھرپور سپاہیانہ صفات پاک فوج کا خاصا ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں ہمارے جوانوں نے اس کردار کا بھرپور طریقے سے مظاہرہ کیا ہے۔ دوست ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی اور شرکا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔دوسری جانب پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔ کانفرنس کے دوران شمالی بحیرہ عرب اور خلیج عدن میں سمندری صورتحال پر غور کیا گیا اور پاکستان آنے اور جانے والے بحری جہازوں کی حفاظت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ نیول چیف نے جنگی تیاریوں اوربحری تحفظ میں پاک بحریہ کے اہم کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی، آپریشنل تیاریوں، تربیت اور فوجیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی جامع بریفنگ دی گئی۔امیر البحر نے میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا تاکہ پاکستان کےخلاف کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے میری ٹائم ڈومین میں جدید دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے مقامی ذرائع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے منفرد اور نئی صلاحیتوں کے حصول پر زور دیا۔ انہوں نے بحری مشق SEA SPARK-2024 کے کامیاب انعقاد اورسطح آب سے فضاءمیںمار کرنے والے میزائل 90-B FMکی لائیو ویپن فائرنگ کو سراہا جس نے پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے تمام چیلنجز سے نمٹنے کےلئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کی تصدیق کی۔کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے جس میں چیف آف دی نیول سٹاف کے ساتھ تمام پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاکستان نیوی کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔افواج پاکستان ملک کے دفاع کے لئے دن رات جہاں چوکس رہتی ہیں وہیں وہ جدید مہارتوں پر عبور حاصل کرنے دن رات مصروف عمل بھی رہتی ہیں۔پاک بری فوج ہو یا فضائیہ یا پھر پاک نیوی ملک کا دفاع ان کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیداضافہ
نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔نگران حکومت نے پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمت بڑھانے اور لائٹ ڈیزل سستا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کی منظوری دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 279 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔مٹی کا تیل ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا جس کے بعد نئی قیمت 190 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر ہوگئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل ایک روپے 14 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا جس کے بعد ڈیزل آئل کی نئی قیمت 170 روپے 30 پیسے مقرر ہوگئی۔ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوگیاہے۔دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس میں اضافے کا فیصلہ کرلیا، کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے جس میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس 1220روپے سے بڑھا کر 18ہزار روپے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ 10کلو واٹ سے کم لوڈ والے صارفین کو 20ہزار روپے فی کلو واٹ ادائیگی کرنا ہوگی اور سنگل فیز میٹر پر کنکشن کے لیے صارفین کو 24ہزار روپے تک ادائیگی کرنا پڑے گی۔ذرائع کے مطابق دیہی علاقوں میں سکیورٹی فیس 610سے بڑھا کر 7800روپے فی کلو واٹ کرنے کی درخواست کی گئی ہے جب کہ 10مرلہ سے زائد اراضی کے حامل صارفین کو پراپرٹی ریٹ کا ایک فیصد ادا کرنا پڑے گا، صنعتی، اسٹریٹ لائٹس اور ہاسنگ سوسائٹیز کے لیے بھی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزارت پاور ڈویژن نے 3ماہ کے بلوں کے مطابق سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم نیپرا میں سماعت کے بعد سکیورٹی فیس بڑھا کر ڈیمانڈ نوٹسز کا اجرا کیا جائیگا، اس سے قبل جولائی 2023 میں بھی کنکشن فیس بڑھائی جا چکی ہے۔ ایک دن قبل بجلی مہنگی کی گئی ہے اوردوسرے روز پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیاگیاہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔ نگران حکومت ہوش کے ناخن لے ، عام انتخابات کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ اب مہنگائی پر کنٹرول کیاجائے گا مگر نگران حکومت آئے روز عوام کو مزیدمہنگائی میں دھکیلتی جارہی ہے۔
دیامر بھاشا ڈیم ملکی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل منصوبہ
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے صوبے اور وفاق کے مابین دیامر بھاشا ڈیم کے واٹر یوزر چارجز اوررائلٹی کے تعین کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ ملک کی تعمیر و خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ گلگت بلتستان خصوصاً دیامر کے عوام نے اس منصوبے کی تعمیر کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ دیامر کی 37 ہزار ایکڑ زمین اس منصوبے کی زد میں آئے گی۔ دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، حکومت گلگت بلتستان کی خواہش ہے کہ اس اہم منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنایاجائے جس کیلئے درپیش مسائل اور تحفظات کا بروقت حل ہونا لازمی ہے ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جو 10دنوں میں آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کا دورہ کرکے رائلٹی (نیٹ ہائیڈل پروفٹ)اور واٹر یوزر چارجز کے تعین کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی سفارشات کی روشنی میں حکومت گلگت بلتستان وفاقی حکومت سے دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ کے حوالے سے وفاق اور گلگت بلتستان کے مابین رائلٹی اور واٹر یوزر چارجز تعین کرنے کیلئے رابطہ کرے گی۔ہمارے آبی ذخائرپہلے ہی محدود ہیں اوپر سے بھارت نے دریائے راوی کاپانی روک دیا ہے اس حوالے سے ہمیں ڈیموں کی تعمیرکےلئے خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں۔
اداریہ
کالم
پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مشق 2024اختتام پذیر
- by web desk
- مارچ 2, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 529 Views
- 10 مہینے ago