قازان میں دوسری روس–پاک بین الاقوامی کانفرنس مئی میں منعقد ہوگی
کراچی /اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے دوسری روس–پاک بین الاقوامی کانفرنس 12 سے 17 مئی 2026 تک قازان، روس میں منعقد ہوگی۔
“بدلتے عالمی نظام میں روس–پاک تعلقات کا ارتقا” کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس عالمی سطح پر معروف روس–اسلامک ورلڈ قازان فورم 2026 کے تحت ہوگی، جس میں دنیا بھر سے ماہرین، محققین اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔
کانفرنس کا انعقاد قازان فیڈرل یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی اسلام آباد کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جبکہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور کنسورشیم فار ایشیا پیسیفک اینڈ یوریشین اسٹڈیز (کیپس) بھی اس میں تعاون کر رہے ہیں۔
یہ کانفرنس پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری (وائس چانسلر، وفاقی اردو یونیورسٹی) اور پروفیسر ڈاکٹر لینار ریناٹو وچ سفین (ریکٹر، کازان فیڈرل یونیورسٹی) کی سرپرستی میں منعقد ہو رہی ہے، جبکہ پاکستان میں روس کے سفیر جناب البرٹ خریف اور روس میں پاکستان کے سفیر جناب فیصل نیاز ترمذی بھی اس کانفرنس کی سرپرستی کررہے ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات کا مظہر ہے۔
یہ کانفرنس فروری 2025 میں کراچی میں منعقد ہونے والی پہلی پاک–روس کانفرنس کی کامیابی کا تسلسل ہے، جسے دوطرفہ تعلیمی روابط میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا تھا۔
کانفرنس میں پاکستان سے اعلیٰ سطحی کا تعلیمی وفد شرکت کرے گا، جس میں پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری،(وایس چانسلر،وفاقی اردو یونیورسٹی )پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی (وائس چانسلر جامعہ کراچی)، پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین وائس چانسلر،ویمن یونیورسٹی صوابی) اور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد (۔وائس چانسلر ، منہاج یونیورسٹی) سمیت دیگر سینئر اساتذہ محققین اور بزنس کمیونٹی سے نمائیندے شامل ہوں گے۔
کانفرنس کے دوران جیو پولیٹکس، علاقائی روابط، معاشی تعاون، سیکیورٹی اور ثقافتی روابط سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ کانفرنس نہ صرف پاک–روس تعلیمی سفارتکاری کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ تحقیق، اشتراک اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
