راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا اور تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا ارکان کے ساتھ خصوصی ملاقات میں آرمی چیف نے علاقائی سلامتی، بین الاقوامی دہشت گردی اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اُجاگر کیا۔ آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’’کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور کوئی بھی یکطرفہ اقدام کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف اس تنازعے کی نوعیت کو تبدیل نہیں کرسکتا‘‘۔آرمی چیف نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے خاتمے، انسانی ہمدردی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کے نفاذ کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔ انکا کہنا تھا کہ ’’پاکستان علاقائی استحکام اور عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کئی دہائیوں سے بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے‘‘۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال خدمات اور قربانیاں دی ہیں اور پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ پاکستان جیو پولیٹیکل اور جیو اکنامک دونوں نقطہ نظر سے اہم ترین ممالک میں سے ہے۔خصوصی ملاقات میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان وسطی ایشیاء کے دیگر ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے، پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا اور تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان طویل مدتی دوطرفہ تعلقات کے ذریعے امریکا کے ساتھ مضبوط روابط کو وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔دورہ امریکا کے دوران سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ آرمی چیف کی بات چیت بہت مثبت رہی۔ آرمی چیف کی آمد پر پاکستان کے سفیر نے اُن کا استقبال کیا۔
خاص خبریں
پاکستان بلاک پالیٹکس کے بجائے دوست ممالک کیساتھ متوازن تعلقات پر یقین رکھتا ہے، آرمی چیف
- by Daily Pakistan
- دسمبر 20, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 653 Views
- 11 مہینے ago