صوبے میں جرائم کے روک تھام کےلئے پنجاب حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں۔پولیس کی نفری میں اضافہ، خالی اسامیوں پر نئی بھرتی اور پولیس و ٹریفک وارڈنز و ہائی وے پٹرولنگ پولیس کےلئے خصوصی الاو¿نس کا بھی وعدہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک 24ہزار سے زائد نئی بھرتیوں کا اعلان کیا ہے۔پولیس میں 5ہزارنئی اسامیوں پرمرحلہ وار بھرتی کی جائے گی۔ کانسٹیبل کی3ہزار منظور شدہ خالی آسامیوں پربھی بھرتی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں 142 آسامیوں جبکہ اقلیتوں کےلئے مختلف محکموں میں 19ہزار منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کمال مہربانی سے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے گریڈ 1 سے گریڈ 19تک کے ملازمین کےلئے خصوصی الاو¿نس اور ٹریفک وارڈنز ، ہائی وے پٹرولنگ پولیس کیلئے بھی خصوصی ا لاو¿نس کی منظوری دی ۔ ٹریفک وارڈنز اورپٹرولنگ پولیس کا خصوصی ا لاو¿نس پنجاب پولیس کے برابر ہوگا۔ شہروں میںپولیس پٹرولنگ نہ ہونے کے باعث جرائم میں اضافہ ہوا لہٰذا پنجاب حکومت نے پولیس کےلئے آپریشنل گاڑیاں خریدنے کےلئے فنڈز بھی مختص کئے ہیں ۔ سابقہ دور میں پولیس کی ویلفیئر کا کوئی کام نہیں ہوا۔یہ بات درست ہے کہ آج اگر پولیس کے پاس گاڑیاں خراب ہیں تو سارا قصورسابقہ حکومت کا ہے۔نئی آپریشنل گاڑیوں سے پٹرولنگ باقاعدہ ہوگی اور جرائم میں کمی آئے گی۔وزیراعلیٰ نے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نجے بن حسائن کی قیادت میں وفدسے ملاقات میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے کے سماجی و انفراسٹرکچر سیکٹرز کی بہتری کے پروگرام پربات چیت کی ۔ جس میں کنٹری ڈائریکٹر نے تعلیم، صحت ، فیملی پلاننگ، آبپاشی، زراعت اور سمال ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی اور پنجاب حکومت کو سیلاب متاثرین کیلئے کیش ٹرانسفر کیلئے 35ملین ڈالر دینے کی پیشکش کی۔ پنجاب حکومت نے 35 ملین ڈالر کو پنجاب احساس پروگرام سے لنک کر کے سیلاب زدگان میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ پرویز الٰہی کے سابقہ دور میں عالمی بینک کے تعاون سے تعلیم اور صحت میں انقلابی اصلاحات کی گئیں۔ ایجوکیشن سیکٹرریفارمز پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔ اب حکومت عالمی بینک کے ساتھ تعاون کا سلسلہ ازسرنو شروع کرناچاہتی ہے۔ موجودہ حکومت نے ڈگری کی سطح تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان کیا۔ شعبہ صحت میں ایڈہاک ڈاکٹرزاوردیگر عملے کی بھرتی کی اجازت دی ہے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز میں ادویات کو مفت کردیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کےلئے عالمی بینک کے ساتھ شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسیاں بنائی جائیں۔ وزیر اعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس میں پنجاب بھر میں اربوں روپے کے سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ صوبہ بھر میں سینکڑوں کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے 194 پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع اور دیگر شہروں میں بلدیات اور ہاو¿سنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی منصوبوں‘ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے 4 منصوبوں اور سپورٹس کے4 پراجیکٹس‘ فیصل آباد میں سکول ایجوکیشن کے ترقیاتی منصوبوں‘ پنجاب ایجوکیشن سیکٹر پراجیکٹ فیز تھری کے88کروڑ روپے کے لیپس فنڈز بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کو ا پ گریڈ کیا جائیگا ۔ گورنمنٹ کالج میں گرلز ہوسٹل کےلئے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ مبڑیال کی انجینئر نگ یونیورسٹی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کےلئے سالانہ 10کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ پنجاب اسمبلی کو دین کے حوالے سے ریکارڈ قانون سازی کا اعزاز حاصل ہے۔ پنجاب بھر میں سود کے نجی کاروبار پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور سزا بھی مقرر کی گئی ہے۔رواں برس اپریل میں وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام سے متعلق فیصلہ سنایاکہ پاکستان جیسی اسلامی ریاست کا معاشی نظام سود سے پاک ہونا چاہیے۔ سود سے پاک بینکاری دنیا بھر میں ممکن ہے لہٰذا عدالت نے حکومت کو 5 سال میں سود سے پاک نظام نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔سود کے حوالے سے پنجاب میں قانون سازی مستحسن عمل ہے۔ نکاح نامہ میں ختم نبوت پر ایمان کاحلف شامل کرنے پر ہم قوم کو مبارک باد اور خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ یہ بہت اہم مسئلہ تھا جس کی طرف چودھری پرویز الٰہی نے توجہ فرمائی اور نکاح میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی انتباہ کیا ہے کہ نکاح رجسٹراروں کو نئے فارم دیئے جائیں ، نئے فارم نہ دینے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائےگی اور نئے فارم استعمال نہ کرنےوالے نکاح رجسٹرار کو ایک ماہ قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
کالم
پنجاب پولیس میں نئی بھرتیوں کا اعلان
- by Daily Pakistan
- ستمبر 25, 2022
- 0 Comments
- Less than a minute
- 542 Views
- 2 سال ago