پیکا ترمیمی آرڈیننس آزادی اظہار کی ہر آواز کو دبانے کے لیے لایا گیا ہے۔یہ پاکستانی صحافیوں کو خوفزدہ کرنے اور خاموش کرانے کا ذریعہ ہے ، اور جمہوریت کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے ۔پارلیمنٹ کی موجودگی میں صدارتی آرڈیننس غیر آئینی ہے ۔ پیکا آرڈیننس ایک آمرانہ قانون ہے، جو کہ آزادی اظہار پر قدغن ، اورلوگوں کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے ۔ ملکی سلامتی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف حکومتی اقدامات تو سمجھ میں آتے ہیں لیکن حکومتی پالیسیوں اور حکومت پر تنقید کرنے والوں کے خلاف اس قانون کا استعمال سمجھ سے بالاتر ہے ۔ پیکا قانون کے تحت عام لوگوں کی آواز کو دبانا غیر جمہوری عمل اور عام شہری کے حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسی قانون سازی نہ کرے جس کا کل خود شکار بنے ۔سوشل میڈیا کے حوالے سے قانون سازی ضرور کی جانی چاہیے ، یہ ایک اچھا عمل ہے کہ اس سے سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور سائبر جرائم کو روکا جاسکتا ہے۔ مگر اس ضمن میں سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اس قانون کے نافذ ہونے کی صورت میں تنقید، اختلاف رائے اور ڈیفامیشن میں فرق لازمی کیا جانا چاہیے کیونکہ ماضی میں یہ فرق روا نہیں رکھا گیا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ میڈیا میں عمومی طور پر اور سوشل میڈیا میں خصوصی طور پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں، ان پر جھوٹے اور غلیظ الزامات لگائے جاتے ہیں اور اس غلاظت کا شکار کوئی بھی ہو سکتا ہے کیوں کہ جان بوجھ کر جھوٹے الزام لگانے والوں، جھوٹ گھڑنے والوں کی کوئی گرفت نہیں۔ اس غلاظت کا شکارحکومتی شخصیات ہی نہیں بلکہ اپوزیشن رہنماو¿ں کے ساتھ بھی یہی کچھ ہو رہا ہے ۔ جج، جرنیل، صحافی اور یہاں تک کہ عام لوگ بھی میڈیا اور سوشل میڈیا کے اس شر سے محفوظ نہیں۔سیاستدان اور سیاسی پارٹیاں تو ایک دوسرے کے خلاف باقاعدہ جھوٹی مہم اور پروپیگنڈہ مہم چلاتے ہیں جس کے لیے سوشل میڈیا ٹیمیں بھی رکھی گئی ہیں۔ اسی کام کےلئے سرکاری اداروں تک نے اپنی سوشل میڈیا ٹیمیں بنا رکھی ہیں، اورسب سے زیادہ فیک نیوز اور گالم گلوچ تحریک انصاف کی طرف سے آتی ہیں۔ اس گندے کلچر کو روکنے کےلے ریاست کو اگر ایک طرف قانون سازی کرنی چاہیے تو دوسری طرف ہمارے سیاسی رہنماو¿ں کا یہ فرض ہے کہ اس گندگی کو ختم کرنے کے لیے پہل کریں اور عوام کے ساتھ ساتھ اپنے ووٹروں، سپوٹروں اور ارا کین پارلیمنٹ وغیرہ سے اپیل کریں کہ بدزبانی، الزام تراشی، بہتان تراشی، گالم گلوچ سے باز رہیں۔ جمہوری معاشرے میں حکومت پر تنقید ریاست پر تنقید نہیں ہوتی ہے ، اگر آپ سوشل میڈیا پر پابندی لگائیں گے ، تو ملک میں افواہوں کا طوفان آئے گا جس سے ملک کو نقصان ہوگا۔پیکا قانون 2016میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں بنا ، اس وقت بھی میڈیا اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے
اس کے خلاف احتجاج کیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ اسے آزادی¿ صحافت اور اظہار رائے کے حق کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی حکومت اب اس سے بھی بہت آگے چلی گئی اور اس کا دائرہ ریاستی اداروں تک بڑھا کر شہریوں کو ان کے بارے میں آواز اٹھانے کے حق سے بھی محروم کردیا حالانکہ حکومت اور سرکاری اداروں سے عوام کو شکایات ہوتی رہتی ہیں اور ان کے ازالے کےلئے ان شکایات کو میڈیا کے ذریعے منظر عام پر لانا ان کا آئینی حق ہے ۔ ایسی کئی مثالیں بھی موجود ہیں کہ وزارت اطلاعات اظہار رائے کی آزادی کو مسخ، صحافیوں کو خبر دینے کے حق سے محروم، اور صحافت پر اثر انداز ہونے کےلئے میڈیا کو مالی طور پر کمزور کررہی ہے ۔ یہ خطرناک رجحان حکومت، میڈیا اور میڈیا ورکرز کے مابین فاصلے پیدا کررہا ہے ۔ اس قانون میں ایسا بہت کچھ ہے جسے حکمران صحافیوں اور سوشل میڈیا کے استعمال کنندگان کو نشانہ بنانے کےلئے غلط طریقے سے استعمال کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تمام میڈیا تنظیمیں آزادی¿ اظہار رائے کے تحفظ اور عوام کے اطلاعات تک رسائی کے حق کی حفاظت کےلئے متحد اور سراپا احتجاج ہیں۔ وکلاء، سول سوسائٹی اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بھی اظہار رائے کی آزادی کے حق میں میڈیا تنظیموں سے یک جہتی کا اعلان کیا ہے ۔ عوام پاکستان جہاں اس وقت شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں وہاں یہ چاہنا کہ کوئی چوں تک نہ کرے غلط ہے ۔ عوام کے شہری حقوق اور آزادی صحافت کا تقاضا ہے کہ حکومت متنازعہ قانون کو انا کا مسئلہ نہ بنائے بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قانون سازی کرے اور اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنائے ۔
]]>
کالم
پیکا آرڈیننس….!
- by Daily Pakistan
- فروری 28, 2022
- 0 Comments
- Less than a minute
- 483 Views
- 3 سال ago