اسلام آباد:چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اٹلی کے سرکاری دورے کے دوران ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی اور "زیرِ آب وسائل کے تحفظ اوران کے پائیدار استعمال” کے موضوع پر خطاب کیا۔ نیول چیف نے مختلف ممالک کی نیول قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم (ٹی آر ایس ایس)وینس، اٹلی میں منعقد ہوا۔ اس سمپوزیم کا مقصد مختلف زاویوں سے زیرِ آب ماحول کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس کے علاوہ، زیر آب ماحول کو درپیش چیلنجز اور اس سے جڑے ہوئے مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔ مزید برآں؛ بین الاقوامی میری ٹائم کمیونیٹی کے درمیان ایک نتیجہ خیز مباحثے کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔اپنے خطاب کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ زیرِ آب ماحولیاتی نظام کا تحفظ اور سمندری وسائل کا پائیدار استعمال عالمی حیاتیاتی اقسام اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ سخت بین الاقوامی قوانین، جدید ٹیکنالوجی اور مثر حفاظتی حکمت عملی کے امتزاج سے؛ ہم انسانی اور ماحولیاتی ضروریات میں توازن قائم رکھتے ہوئے زیرِ آب وسائل کا پائیدار مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔ پاکستان نیوی کی کثیرالملکی مشق "امن 2025” کے ساتھ منعقد ہونے والے "امن ڈائیلاگ” کا حوالہ دیتے ہوئے، ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ یہ کانفرنس بحری افواج اور کوسٹ گارڈز کے سربراہان کو سمندری سلامتی کے مسائل، بشمول زیرِ آب وسائل کے تحفظ پر مشترکہ سوچ اور فکر کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔ ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم کے موقع پر نیول چیف نے مختلف ممالک کی بحری قیادت سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے فرسٹ سی لارڈ آف رائل نیوی ایڈمرل سربین کی (Admiral Sir Ben Key)، امریکی بحریہ کی چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل لیزا فرنچیٹی(Admiral Lisa Franchetti)، رائل تھائی نیوی کے کمانڈر ان چیف ایڈمرل چونلاتھٹ ناوانوکروہ (Admiral Chonlathit Navanukroh)، چیف آف سٹاف جاپان میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورسز ایڈمرل اکیرا سائتو(Admiral Akira Saito) اور اٹلی کے وزارت دفاع کے مشیر پروفیسر اینڈریا مارگیلیٹی (Professor Andrea Margelletti) اور منیجنگ ڈائریکٹر MBDA اٹلی مسٹر جیوانی سوکوڈاٹو (Mr Giovanni Soccodato) سے ملاقاتیں کیں۔بعد ازاں؛ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اٹلی کے سیکریٹری جنرل ڈیفنس کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور سیکرٹری جنرل ڈیفنس ڈاکٹر لوئیسا ریکارڈی (Dr Luisa Riccardi)، ڈائریکٹر نیول آرمامنٹ وائس ایڈمرل جیوسیپ ایبامونٹے (Vice Admiral Giuseppe Abbamonte) اور ڈپٹی چیف آف ڈیفنس وائس ایڈمرل جیاکنٹو اوٹاویانی (Vice Admiral Giacinto Ottaviani) سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، میری ٹائم ڈومین میں ابھرتے ہوئے مشترکہ سیکورٹی چیلنجز اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان
چیف آف دی نیول اسٹاف کا دورہ اٹلی، ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت
- by Daily Pakistan
- اکتوبر 18, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 67 Views
- 2 مہینے ago