اسلام آباد: یونان کشتی حادثہ کیس میں ایف آئی اے نے 126 لاپتا نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز حاصل کر لئے۔ایف آئی اے گجرات سرکل میں 52 متاثرین کے لواحقین کی جانب سے سیمپل جمع کروائے گئے۔ گجرانوالہ سرکل میں 46 متاثرہ خاندانوں کی جانب سے ڈی این اے سیمپلز دیے گئے۔کوٹلی آزادکشمیر کے 28افراد کے لواحقین کے بھی خون کے نمونہ جات حاصل کرلیے گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے لئے ڈی این اے سیمپلز حاصل کئے گئے۔علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے واقعے کے ذمہ داران کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت جاری کر دیں۔وزیرِ اعظم نے اظہارِ برہمی کیا کہ انسانی اسمگلروں کی کارروائیاں بروقت کیوں نہ روکی گئیں؟ متاثرہ لوگوں کا جن ضلعوں سے تعلق ہے وہاں کی انتظامیہ نے ملوث اسمگلروں اور ایجنٹوں کی کاروائیوں کا بروقت نوٹس کیونکر نہ لیا؟۔وزیرِ اعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کو کارروائی مکمل کرکے واقعے کی جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کو تحقیقات کی مکمل نگرانی کرنے اور ذمہ داران کو سزا دلوانے کے حوالے سے ضروری قانون سازی کیلئے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ یونانی کوسٹ گارڈ نے 12 جون کو کشتی کی نشاندہی کی جس میں ایک اندازے کے مطابق 700 کے قریب لوگ سوار تھے. کشتی مصری شخص کی ملکیت تھی جس میں زیادہ تر سواروں کا تعلق شام، لیبیا اور پاکستان سے تھا.
پاکستان
کشتی حادثہ؛ 126 لاپتا نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے نمونے جمع
- by Daily Pakistan
- جون 22, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 353 Views
- 2 سال ago
