پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لیے پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر شعیب ملک کے حوالے سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔
گزشتہ روز شعیب ملک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے پشاور زلمی کی جرسی پر جیکٹ پہن رکھی ہے، ساتھ ہی کرکٹر نے سن گلاسس بھی لگائے ہوئے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کو جہاں شعیب کے اس نئے انداز نے اپنی طرف متوجہ کیا وہیں تصویر کے کیپشن نے سب کو سوچنے پر مجبور کردیا۔
شعیب ملک نے تصویر کے کیپشن پر لکھا کہ ‘دی زلمی ریپر’۔
چونکہ ہر ٹیم پی ایس ایل کے نئے سیزن کی مناسبت سے اپنا آفیشل ترانہ جاری کرتی ہے، اسی لیے شعیب کے اس کیپشن کے بعد مداح خیال ظاہر کررہے ہیں کہ شاید اس سال پشاور زلمی کا ترانہ شعیب ملک گائیں گے، یا وہ اپنی آواز کا کچھ حصہ ترانے میں ضرور شامل کریں گے۔
تاہم اس حوالے سے شعیب ملک کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 7 کا آغاز 27 جنوری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا جہاں پہلے میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان مدِ مقابل ہوں گی۔