کالم

ہم امن اور جنگ دونوں کیلئے تیار ہیں!

آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کی ناکامی اور شکست کے بعد سے بھارت ایک دفعہ پھربھوکھلاہٹ کا شکا رہے۔جہاں ایک طرف بھارتی عوام اورکچھ باشعور طبقے مودی اور انتہاپسندتنظیم شیوسینا سے تنگ ہیں وہیں حالیہ پاک بھارت کشیدگی پراپنی ہی عوام کی تنقیدسے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکربھارتی وزیر اعظم نریندرامودی نے ایک دفعہ پھرگیدڑبھبکی دی ہے لیکن مودی کوایک بات یادرکھناچاہیے کہ پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج ،حکومت پاکستان اور عوام نے ابھی صرف دندان شکن جواب دیا ہے اگردوبارہ پاکستان پرحملہ کی کوشش کی گئی توبھارت کو وُہ جواب دیاجائیگا کہ پچھلی تمام شکستوں کوبھارت بھول جائے گا۔بھارت میں انتہاپسندی اِس قدرعروج پر ہے کہ شیوسینا کی جانب سے جہاں مسلمانوںسمیت دیگر اقلیتوں کی نسل کشی کی جارہی ہے وہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی افواج ظلم وجبرکے پہاڑتوڑرہی ہیں ۔حالیہ پاک بھارت کشیدگی اورپہلگام واقعہ کے فالس فلیگ آپریشن کے بعدجہاں اقوام عالم کے سامنے بھارت کا مزیدپردہ چاک ہواہے وہیں بھارت کے اندرسے ہی فاشسٹ مودی حکومت کیخلاف آوازیںبھی اُٹھنا شروع ہوچکی ہیں ۔گزشتہ روزوزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف اور سپہ سالارآرمی چیف جنرل سیدحافظ عاصم منیر نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور بھارت کی شکست کے بعد اپنے شیردل نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اگلے مورچوں کادورہ کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ایئر چیف بابر ظہیر سدھو بھی موجود تھے۔اس موقع پر نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ عظیم فتح اور کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی تاریخ میں سنہرے باب کے طور پر یاد رکھی جائے گی، پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا وقار بلند کیا، انہوں نے اعلیٰ عسکری مہارت، ہمت اور جوانمردی سے قیادت کی منصوبہ بندی پر عمل کیا، کئی گنا بڑا دشمن جسے اربوں ڈالر کے جنگی سازوسامان خریدنے پر ناز، گھمنڈ اور غرور تھا جس کو جوانوں نے خاک میں ملا دیا اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، مشکل حالات میں بہترین دفاع کیا اور دشمن کو ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھنے دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کے عظیم بیٹوں نے دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کیا، فضاﺅں میں ہمارے شاہینوں نے جھپٹ جھپٹ کر دشمن کے طیاروں کو تباہ کیا، یہ کوئی معمولی کارنامہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یہ سمجھتا تھا کہ روایتی جنگ میں پاکستان ہم سے بہت پیچھے رہ گیا ہے لیکن اس جنگ میں ہمارے جوانوں نے ثابت کر دیا کہ روایتی جنگ میں ہم بہترین مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی لحاظ سے جس طرح جنگ لڑی گئی ہے اس پر ماہرین طویل عرصہ تک بحث کرتے رہیں گے۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ساحر شمشاد مرزا، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل بابر ظہیر سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بری، بحری و فضائی افواج کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور 24 کروڑ عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے انتہائی دلیری اور دانشمندی سے جنگ کی منصوبہ بندی کی، مجھے اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے، یہ قوم کے بیٹے ہیں، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل بابر ظہیر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے اس جنگ میں جدید ہتھیاروں اور تکنیک کا عملی مظاہرہ کیا، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہ قوم کی آنکھوں کے تارے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ عسکری قیادت نے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا، انہوں نے دشمن کا جرات و بہادری سے آگے بڑھ کر مقابلہ کیا، اس سے نہ صرف پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا بلکہ ہمارے دشمنوں کے ہوش ٹھکانے آ گئے ہیں اور دوستوں کے حوصلے آسمانوں سے باتیں کر رہے ہیں، یہ ہماری بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے 1971ءکی جنگ کا بدلہ اس جنگ میں لے لیا ہے اور پوری دنیا کو بتایا کہ پاکستان کی فوج ایک جری فوج ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس کی شکست تو دور کی بات ہے، بال بیکا بھی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنے کا سوچا تو یہ ہماری ریڈ لائن ہے اور پھر واقعی خون اور پانی اکٹھا نہیں بہے گا، پانی ہمارا حق ہے، ہم اس کا بھرپور ردعمل دیں گے، 1960ءکے سندھ طاس معاہدہ کے بارے میں کبھی نہ سوچنا، تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور پھر تجارت کرے، صرف تجارت نہیں مربوط اور جامع مذاکرات ہونے چاہئیں، اس کے بغیر میٹھا میٹھا ہپ ہم نہیں ہونے دیں گے۔عصر حاضر میں بھارت کے برعکس پاکستان میں جویکجہتی اوربے مثال جذبہ دیکھاگیاہے اقوام عالم بھی پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج،حکومت پاکستان اورپاکستانی عوام کے جذبوں کوتسلیم کررہے ہیں دُنیاپرحقیقت آشکار ہورہی ہے کہ واقعی پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کاہاتھ ہے اورخطے میں امن کا سب سے بڑادُشمن بھی بھارت ہے ۔بھارت کو یادرکھناچاہیے کہ اگردوبارہ پاکستان کیخلاف جارحیت کی توپاکستان امن اور جنگ دونوں کیلئے تیارہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے