ہنگو میں پولیس اور ٹل سکاؤٹس کے فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک جبکہ ڈی پی او ہنگو اور ایس ایچ او دوآبہ سمیت 4 افسران زخمی ہو گئے۔
ضلع ہنگو میں پولیس اور ٹل سکاؤٹس کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر آپریشن کیا گیا، زرگیری، شناوڑی سمیت دیگر علاقوں میں ٹارگٹ آپریشن کیا گیا، دہشت گردوں نے پہاڑوں پر پناہ لے رکھی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ہنگو کے علاقے شناوڑی میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ڈی پی او محمد خالد اور ایس ایچ او تھانہ دوآبہ نبی خان زخمی ہوئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ڈی پی او کو ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور منتقل کیا جائے گا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس اور ایف سی نے ہنگو میں دہشت گردوں کی اطلاع پر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے، علاقے میں کرفیو نافذ ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، متعدد دہشت گرد زخمی ہوئے ہیں۔
انسپکٹرجنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ڈی پی او ہنگو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہے تھے، آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے، ڈی پی او ہنگو کو بھی گولی لگی ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ڈی پی او سے بات کی ہے، ان کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہنگو آپریشن میں 9 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر پولیس کو شاباش دی اور زخمی ڈی پی او محمد خالد اور ایس ایچ او نبی خان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی، قوم متحد ہے، دہشتگردی کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ریاست دہشتگردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے ڈی پی او محمد خالد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی ہے۔
محسن نقوی نے زخمی ڈی پی او محمد خالد کے بلند حوصلے کو سراہا اور کہا کہ آپ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے جرات اور دلیری کے ساتھ فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے ڈی پی او ہنگو محمد خالد اور زخمی ایس ایچ او نبی خان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ آپ قوم کے سر کا تاج ہیں، آپ پر فخر ہے۔
خاص خبریں
ہنگو، پولیس آپریشن کے دوران 9دہشت گرد ہلاک، ڈی پی او اور ایس ایچ او زخمی
- by Daily Pakistan
- جولائی 19, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 16 Views
- 4 گھنٹے ago