آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا ہے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا یہ میچ انگلینڈ کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ اگر انگلش ٹیم یہ جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔
گروپ ون کا پوائنٹس ٹیبل دیکھا جائے تو اس میں نیوزی لینڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے، جب کہ آسٹریلیا کے بھی 7 پوائنٹس ہیں، انگلینڈ 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
سری لنکا کو آج کا میچ جیتنے یا ہارنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ پوائنٹس ٹیبل میں سری لنکا 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔