- الإعلانات -

پی ایس ایل، جارح مزاج بیٹسمین پاکستان آنے کیلئے بے قرار

لاہور: پی ایس ایل سیزن فائیو میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے سابق آسٹریلوی کھلاڑی بین ڈنک پاکستان آنے کے لیے بے قرار ہیں۔

پی ایس ایل فائیو میں اپنی شاندار بیٹنگ سے کرکٹ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے والے لاہور قلندرز کے کھلاڑی بین ڈنک پی ایس ایل کے فائنل میچز کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جارح مزاج بیٹسمین بین ڈنک کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کے فائنل میچز میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے کے لیے پرجوش ہوں، لاہور قلندرز کے مداحوں کے لیے پہلی بار ٹرافی اٹھانے کے لیے بے قرار ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں پی ایس ایل راؤنڈ میچز میں بین ڈنک نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی پاش پاش کردیا تھا، انہوں ںے ایک اننگز میں 10 بلند و بالا چھکے لگائے تھے۔ بین ڈنک نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 43 گیندوں پر 93 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی اور لاہور کا اسکور 209 رنز پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کے باعث پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو ناک آوٹ مرحلہ لاہور سے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کے ناک آوٹ مقابلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں باالتر تیب 15،14 اور17 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔