- الإعلانات -

ڈیل اسٹین کا پی ایس ایل پر تنقید کرنے والے بھارتی کو کرارا جواب

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے میچز کے ملتوی ہونے پر تنقید کرنے والے بھارتی کو ڈیل اسٹین نے کرارا جواب دے دیا۔

پی ایس ایل کے ملتوی ہونے پر بھارتی صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ڈیل اسٹین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ڈیل اسٹین آپ کو مزید وقت مل گیا کہ تاکہ آپ یہ سوچ سکیں کہ پی ایس ایل بہتر ہے یا آئی پی ایل۔

صارف نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ کورونا کے ماحول میں کم از کم منعقدہ آئی پی ایل اختتام پذیر ہوا تھا جبکہ پی ایس ایل ملتوی کردیا گیا ہے۔ڈیل اسٹین نے صارف کو جواب دیتے ہوئے انتہائی تحمل مزاجی کا مظاہرہ کیا اور بس اتنا کہا کہ ’آپ واقعی مزاحیہ ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے پاکستان سُپر لیگ کو انڈین پریمیئر لیگ پر ترجیح دی تھی۔

ڈیل اسٹین نے ویب شو پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایل میں بڑے نام شامل ہوتے ہیں اور پیسے کی بات زیادہ ہوتی ہے جس سے کرکٹ نظر انداز ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتیوں کے سخت ردعمل نے ڈیل سٹین کو معذرت پر مجبور کردیا

37 سالہ جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے کہا کہ پی ایس ایل اور لنکا پریمیئر لیگ کو انڈین پریمیئر لیگ پر اس لیے ترجیح دیتا ہوں کیونکہ اس میں کرکٹ کو کسی دوسری چیز سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔

بعدازاں ڈیل اسٹین نے اپنے ٹویٹ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی پی ایل مجھ سمیت دیگر کھلاڑیوں کے کیریئر میں کسی دلچسپی سے کم نہیں رہی، میرے الفاظ کا مقصد نیچا دکھانا، توہین کرنا یا لیگز کا مواز نہیں تھا۔