- الإعلانات -

اب پی ایس ایل کا گانا بنانا پیسے کا ضیاع ہے: عاقب جاوید

پاکستان سپر لیگ میں سنسنی خیز مقابلوں کے علاوہ شائقینِ کرکٹ کو جس چیز کا بے صبری سے انتظار ہوتا ہے وہ پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہوتا ہے جو ہر سال ایونٹ سے کچھ دن قبل ریلیز کیا جاتا ہے۔ لیکن لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پی ایس ایل اینتھم کی مخالفت کی ہے۔ عاقب جاوید نے کہا کہ اب ایسی تشہیری مہم کی ضرورت نہیں، پیسہ ضائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز میں ایونٹ کی تشہیر کے لیے گانا ضروری تھا لیکن اب پی ایس ایل میں لوگ بابراعظم اور شاہین آفریدی سمیت کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ کرکٹرز سے بڑا کوئی اسٹار نہیں، اب لوگ میچ سے پہلے سنگرز کو نہیں دیکھنا چاہتے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ جس طرح کا گانا گزشتہ برس بنا اس سے کیا تشہیر ہو ئی، اس لیے میرے خیال میں گانا بنا کر پیسہ ضائع نہیں کرنا چاہیے، پی ایس ایل کا ایک ہی گانا رہنا چاہیے ، ہم نے بھی کئی گانے بنائے لیکن جو پہلے مقبول ہوا اس جیسا کوئی دوسرا مقبول نہیں ہوا، اس لیے جو گانا مقبول ہو اسے رہنے دینا چاہیے۔

‘رمیز راجہ نے بطور چیئرمین کئی اچھی چیزیں کی ہیں’ عاقب جاوید نے رمیز راجہ کی چار ملکی کرکٹ سیریز کرانے کی تجویز کو اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سے رمیز راجہ چیئرمین بنے ہیں انہوں نے کئی اچھی چیزیں کی ہیں اور کئی اچھی تجاویز دی ہیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ چار ملکی سیریز کی تجویز اچھی ہے، انگلینڈ ، آسٹریلیا ، بھارت اور پاکستان کو آپس میں کھیلنا چاہیے اور پاکستان میں بھی ٹیمیں آنی چاہئیں لیکن میرے خیال میں چار ملکی سیریز سے بڑھ اب پاک بھارت میچز کی شروعات کرنی چاہیے، اس حوالے سے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، پاک بھارت باہمی سیریز یورپ یا امریکا میں کرانے کی طرف بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمیز راجا نے ٹیم کو اعتماد دیا ، ٹیم اچھا کھیلی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب نے ٹیم کو دیکھا کہ وہ کیسا اچھا کھیلی، انفرادی کارکردگی بھی کھلاڑیوں کی اچھی رہی ہے، ٹیم پر اعتماد کیا اور ٹیم نے رسپانس اچھا کیا اور اب چیئرمین پراعتماد ہو کر آگے بڑھ رہے ہیں