- الإعلانات -

ریو اولمپکس میں امریکا 46 سونے کے تمغوں کے ساتھ سر فہرست

ریو اولمپکس میں تمام کھیل اپنے اختتام کو پہنچ گئے جس میں امریکا نے بازی ماری ، مقابلوں کے آخری روز امریکا نے مزید تین گولڈ میڈلز جیتے جبکہ روس اور اُزبکستان کے حصے میں دو، دو گولڈ میڈلز آئے۔

اس کے علاوہ ڈنمارک، کینیا، سوئٹزرلینڈ ، میزبان برازیل اور فرانس نے بھی گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، اس ایونٹ میں سب سے بڑے 552 ایتھلیٹس پر مشتمل امریکی دستے نے مختلف کھیلوں میں 46 طلائی، 37 چاندی اور 38 کانسی کے تمغے جیتے اُن کے مجموعی میڈلز کی تعداد 121رہی۔

برطانیہ نے میڈل ٹیبل پر چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پر قبضہ جمایا، برطانیہ نے 27 گولڈ، 23سلور اور 17 برانز اپنے نام کیے، اُن کے ایتھلیٹس نے مجموعی طور پر 67 تمغے جیتے، چین کا تیسرا نمبر رہا جس نے 26 طلائی، 18 چاندی اور 26 کانسی کے تمغے حاصل کیے، روس 19 گولڈ میڈلز کے ساتھ چوتھے اور جرمنی 17 طلائی تمغے حاصل کرکے پانچویں پوزیشن پر رہا۔

ریو اولمپکس کی رنگا رنگا اختتامی تقریب کچھ دیر بعد ریو ڈی جنیرو کے مراکانہ اسٹیڈیم میں ہوگی جس میں رقص اور موسیقی ہوگی، کھلاڑیوں کا مارچ پاسٹ ہوگا،اولمپک کی مشعل بجھائی جائے گی اور دلکش آتشبازی سے ریو اولمپکس کا اختتام ہوگا۔