- الإعلانات -

نیوزی لینڈ ٹیم کواہم اعزاز حاصل

نیوزی لینڈ نے مسلسل 12 ویں ہوم ٹیسٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا ہے، ٹیم2012 سے اب تک اپنے ملک میں ایک بھی ٹیسٹ نہیں ہاری، یہ اس کا اپنے گرانڈز پر ناقابل شکست رہنے کا دوسرا بڑا سلسلہ ہے۔اگر آئی لینڈرز کے خلاف دوسرے میچ میں بھی کیویز فاتح یا پھر مقابلہ ڈرا کرنے میں بھی کامیاب رہے تو سب سے زیادہ مسلسل 13 ہوم میچز میں ناقابل شکست رہنے کا قومی ریکارڈ برابر کردیں گے جو مارچ 1987 سے مارچ 1991 کے درمیان قائم ہوا تھا۔ برینڈن میک کولم کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے 28 میچز میں سے 10 ٹیسٹ جیتے ہیں۔وہ کیویز کو کم سے کم 10 فتوحات سے ہمکنار کرنے والے تیسرے کپتان ہیں۔ اسٹیفن فلیمنگ (28) اور جیف ہاورتھ (11)ان سے آگے ہیں۔میک کولم نے جنوری 2013 میں ٹیم کی قیادت سنبھلی، اس عرصے میں صرف تین دیگر کپتانوں نے ان سے زیادہ ٹیسٹ فتوحات حاصل کیں، ان میں کلارک اور کک (13، 13 مرتبہ) اور مصباح الحق (11) شامل ہیں۔