- الإعلانات -

ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں، گول کیپر عمران بٹ

بھو نیشور: پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ کا کہنا ہے کہ ہم ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور بھارت میں بہترین نتائج کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔

بھارتی شہر بھونیشور میں ایکسپریس سے خصوصی بات کرتے ہوئے قومی گول کیپر عمران بٹ نے کہا کہ 14 گھنٹے کا طویل سفر طے کرنے کے بعد لاہور سے بھونیشور پہنچے تھے جس کی وجہ سے فرانس کے خلاف پریکٹس میچ میں وہ کھیل پیش نہ کر سکے جس کی توقع کی جا رہی تھی تاہم اب کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور کسی بھی چیلنج کے لئے بھر پور تیار ہیں۔

قومی گول کیپر نے کہا کہ ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے کھلاڑیوں کو خصوصی مشقیں کروائی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ہم اپنی خامیوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں بلکہ بھارتی کنڈیشنز میں بھی خود کو ایڈجسٹ کرنے کا بھر پور موقع ملا ہے۔

عمران بٹ کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کے خلاف 28 نومبر کو شیڈول دوسرے پریکٹس میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کے بعد دکھا دیں گے کہ ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں سے ہم کسی طور پر بھی کم نہیں ہیں۔

ایک سوال پر قومی ٹیم کے تجربہ کار گول کیپر کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہمیں کسی طرح کا کوئی خدشہ نہیں ہے، ہمیں یہاں پر بھر پور پروٹوکول مل رہا ہے، لوگ بھی ہاکی کے دلدادہ ہیں اور مہمانوں کی قدر جانتے ہیں۔