- الإعلانات -

مساجد میں تراویح اور نماز باجماعت ادا نہ کرنے پر ہمیں دکھ ہے

 خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر سعودی عوام، تارکین وطن اور امتِ مسلمہ کے نام مبارکباد کا پیغام جاری کیا ہے جس میں شاہ سلمان نے اس امر پر زور دیا کہ آزمائش کی گھڑی میں ہمیں ٹھوس جدوجہد جاری رکھنا ہوگی اور حفاظتی اقدامات کی پابندی کرتے رہنا ہوگی.شاہ سلمان نے کہا کہ اس سال رمضان کا مہینہ ایسے حالات میں آرہا ہے جبکہ دنیا بھر کے انسان تاریخ کے نہایت مشکل، نازک اور خطرناک بحران سے گزر رہے ہیں، کورونا وائرس پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہے جبکہ انسانیت نواز تنظیمیں اور دنیا بھر کے ممالک اس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا اہتمام کر رہے ہیں.

شاہ سلمان نے صحت عملے، سرحد کی حفاظت کرنے والے فوجیوں، عسکری اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا، کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سعودی عرب کے حفاظتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے شاہ سلمان نے کہا کہ ’وہ سعودی عوام اور تارکین کی خدمت اور دنیا بھر کے انسانوں کی صحت و سلامتی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں.

شاہ سلمان نے کہا کہ مساجد میں تراویح اور نماز باجماعت ادا نہ کرنے پر ہمیں دکھ ہے، انسانی جانوں کی حفاظت کے شرعی حکم کی تعمیل میں ایسا کیا جا رہا ہے، شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں رمضان کی نعمت عطا ہونے پر سعودی شہریوں اور تارکین وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے اس پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا-