- الإعلانات -

سعودی عرب: تندوروں میں صفائی رکھنے کی ہدایات جاری

ریاض: سعودی عرب میں طائف بلدیہ کی جانب سے تمیس (روٹی) کے تندوروں پر کام کرنے والوں کو صفائی رکھنے اور پروٹوکول پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ متعدد شکایات موصول ہوئی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر تمیس روٹی کے تندوروں پر کام کرنے والے کسی قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے جس سے کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ تمیس کے تندوروں پر کام کرنے والوں کو صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیئے، تندور کے لیے آٹا گوندھنے والوں کو چاہیئے کہ بالوں کو آٹے میں گرنے سے محفوظ رکھنے کے لیے مخصوص ٹوپی کا استعمال کریں جبکہ وہ تندور جہاں آٹا ہاتھ سے گوندا جاتا ہے اس امر کا خاص خیال رکھیں کہ ہاتھ گندے نہ ہوں۔بعض افراد کا کہنا تھا کہ روٹی لگانے والا مخصوص تکیہ بھی صاف ستھرا رکھا جائے۔اس حوالے سے بلدیہ کی جانب سے کہا گیا کہ تمیس کے تندوروں کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر فوری چالان کیا جاتا ہے۔اس سے قبل بلدیہ کی جانب سے تندوروں کو اس امر کا پابند کیا گیا تھا کہ وہ روٹی لے جانے والوں کے لیے پلاسٹک کی تھیلیوں کے بجائے کاغذ کے تھیلے رکھیں کیونکہ گرم روٹی پلاسٹک کی تھیلی میں نقصان کا باعث بنتی ہے۔