مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی بساط پر پاکستان ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں جذبات سے زیادہ تدبر اور نعروں سے زیادہ حکمت کی ضرورت ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ علاقائی تنازعات میں غیر متوازن فیصلے ریاستوں کو طویل المدت مشکلات میں دھکیل دیتے ہیں۔ پاکستان کیلئے اصل چیلنج یہی ہے کہ وہ اپنے اسٹریٹیجک تعلقات، جغرافیائی حقیقتوں اور داخلی سماجی توازن کو بیک وقت مدنظر رکھے۔ سعودی عرب پاکستان کا قریبی اتحادی ہے۔ دفاعی تعاون، اقتصادی روابط اور توانائی کی فراہمی نے دونوں ممالک کو ایک مضبوط شراکت داری میں باندھ رکھا ہے۔ کئی مواقع پر سعودی عرب نے پاکستان کی اقتصادی مشکلات میں سہارا دیا ہے، جبکہ پاکستان نے بھی دفاعی تعاون اور عسکری مہارت کے ذریعے اس تعلق کو مضبوط بنایا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ محض ایک کاغذی دستاویز نہیں بلکہ ایک طویل اسٹریٹیجک شراکت داری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ سفارتکاری کا اصل امتحان وہیں شروع ہوتا ہے جہاں تعلقات کی یہ سیدھی لکیریں پیچیدہ زاویوں میں تبدیل ہونے لگتی ہیں۔ اگر خطے میں ایسا کوئی منظرنامہ ابھرتا ہے جس میں سعودی عرب اور ایران آمنے سامنے آ جائیں تو پاکستان کیلئے فیصلہ صرف خارجہ پالیسی کا مسئلہ نہیں رہے گا بلکہ یہ داخلی استحکام، علاقائی توازن اور اقتصادی بقا کا سوال بھی بن سکتا ہے۔ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سرحد، تاریخ، ثقافت اور مذہبی روابط موجود ہیں۔ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کے اندر 4کروڑ شیعہ آبادی بھی موجود ہے۔ ایسی صورتحال میں کسی بھی ممکنہ عسکری صف بندی کے داخلی اثرات کو نظر انداز کرنا دانشمندی نہیں ہوگا۔فرقہ وارانہ حساسیت رکھنے والے معاشرے میں خارجہ پالیسی کے فیصلے صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ وہ معاشرتی فضا کو بھی متاثر کرتے ہیں۔دوسری طرف اقتصادی حقیقتیں بھی اپنی جگہ سخت اور غیر لچکدار ہوتی ہیں۔ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ سعودی عرب سے آنے والے تیل سے پورا ہوتا ہے۔ عالمی سطح پر اگر کشیدگی بڑھتی ہے اور خلیج کی گزرگاہوں خصوصا آبنائے ہرمز میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے تو اس کے اثرات فوری طور پر عالمی توانائی منڈی پر پڑتے ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان جیسے درآمدی معیشت رکھنے والے ملک کیلئے صرف معاشی دبا نہیں بلکہ ایک وسیع تر مالیاتی بحران کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔اسی لیے پاکستان کیلئے سب سے حقیقت پسندانہ راستہ عسکری صف بندی نہیں بلکہ فعال سفارت کاری ہے۔ اسلام آباد کے پاس ایک منفرد موقع موجود ہے کہ وہ اپنے تعلقات کو تصادم کے بجائے مکالمے کی سمت استعمال کرے۔ سعودی عرب کے ساتھ اعتماد اور ایران کے ساتھ ہمسائیگی پاکستان کو ایک ایسے پل میں تبدیل کر سکتی ہے جو کشیدگی کم کرنے میں مددگار ہو۔اگر پاکستان دانشمندی سے کام لے تو وہ ایک تماشائی ریاست نہیں بلکہ ایک ذمہ دار ثالث کے طور پر ابھر سکتا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم جیسے فورمز کو فعال بنانا، علاقائی رابطوں کو مضبوط کرنا اور عالمی طاقتوں کو جنگ کے ممکنہ معاشی اثرات سے آگاہ کرنا ایسے اقدامات ہیں جو کشیدگی کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔درحقیقت اس وقت پاکستان کو جذباتی نعروں کی نہیں بلکہ ٹھنڈے ذہن اور دور اندیش قیادت کی ضرورت ہے۔ خارجہ پالیسی کی کامیابی جنگی صف بندی میں نہیں بلکہ تنازعات کو پھیلنے سے روکنے میں ہوتی ہے ۔ اگر اسلام آباد نے اس نازک مرحلے پر متوازن اور باوقار سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا تو وہ نہ صرف اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرے گا بلکہ خطے میں ایک ذمہ دار اور سنجیدہ ریاست کے طور پر بھی اپنی پہچان مضبوط کریگاکیونکہ طاقتور ریاست وہ نہیں ہوتی جو ہر جنگ میں شریک ہو جائے، بلکہ وہ ہوتی ہے جو جنگ کو پھیلنے سے روکنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

