وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب کیا، عالمی برادری کو ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا، اور مشکل کی گھڑی میں مدد کی اپیل کی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بدترین سیلاب کے باعث پاکستان کو بہت بڑے نقصان کا سامنا ہے، بے گھر متاثرین کی دوبارہ آباد کاری بڑا امتحان ہے، عالمی برادری مشکل کی اس گھڑی میں مدد کرے۔
انھوں نے کہا کہ ملک کا بڑاحصہ ابھی تک پانی میں ڈوبا ہوا ہے، 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کی زندگیوں کوخطرات لاحق ہیں، بچوں کی بڑی تعداد بھی قدرتی آفت کی زد میں آئی، ایسی تباہی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، شہبازشریف نے کہا موجودہ حالات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام عالمی حدت کی قیمت ادا کر رہے ہیں، 11 ملین افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، انتونیو گیوتیرس تباہی کا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھ چکے ہیں، ہمارے ساتھ جو ہوا وہ صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے گا، شہبازشریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد لندن کیلئے روانہ ہو گئے، شہباز شریف جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے، ہوائی اڈے پر پاکستانی سفیر مسعودخان، نیویارک قونصل جنرل، منیر اکرم اور دیگر موجود تھے، واپسی سے قبل وزیراعظم سے نیویارک میں ملالہ یوسفزئی نے بھی ملاقات کی۔