کالم

آزادی کی قدر بھارتی مسلمانوں سے پوچھو

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 5اگست2019 کو مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے بعد محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ ”1947 میں ہم میں سے کچھ لوگوں نے دو قومی نظریے کا ساتھ نہ دے کر ایسی فاش غلطی کی ہے جس کا خمیازہ آنے والی کئی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا“۔ مقبوضہ خطہ کے دیگر تین سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور غلام نبی آزاد نے بھی لگ بھگ انہی خیالات کا اظہار کیا تھا۔ مبصرین کے مطابق افراد کی غلطیوں سے تو شاید کسی حد تک صرف نظر کیا جا سکتا ہے مگر قوموں کی جانب سے اس نوع کی لغزشیں سنگین حالات کا باعث بنتی ہیں بقول شاعر
یہ وقت بھی دیکھا ہے تاریخ کی نظروں نے
لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی
مبصرین کی رائے ہے کہ ہندوستان 15 اگست 1947 کووجود میں آیا تو دنیا بھر کے انسان دوست حلقوں کو توقع تھی کہ یہ ملک شاید آگے چل کر محکوم قوموں کے علم بردار کے طور پر کام کرے گا کیونکہ ہندو قوم لگ بھگ 1200 سال تک بڑی حد تک محکوم رہی ہے اس وجہ سے اس کے بالا دست طبقات کو بخوبی احساس ہو گا کہ غلام قو میں کس حد تک ذہنی ابتری کا شکار ہوتی ہیں مگر بھارتی حکمرانوں نے اپنی آزادی کے بعد اپنی روش سے ثابت کر دیا کہ ان کی بابت ابتداءمیں جن خوش گمانیوں کا اظہار کیا گیا وہ سراسر خوش فہمی پر مبنی تھیں۔ تبھی تو دہلی کے حکمران سوچے سمجھے ڈھنگ سے اپنی اقلیتوں کے خلا ف ریاستی دہشتگردی کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ سلسلہ محض سفارتی،سیاسی یا مذہبی محاذ پر ہی نہیں چل رہا بلکہ زندگی کا کوئی شعبہ اس منفی روش سے محفوظ نہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تحریک پاکستان کی تاریخ اتنی ہی قدیم ہے جتنی خود ہندوستان میں مسلمانوں کی آمد کی۔قائدنے بجا فرمایا کہ ”درحقیقت پاکستان تو اسی روز وجود میں آگیا تھا جب ہندوستان میں پہلا ہندو مسلمان ہوا۔مسلمانوں کی قومیت کی بنیاد کلمہ توحید ہے، ہندوستان کا پہلا فرد جب مسلمان ہوا تو وہ ایک جداگانہ قوم کا حصہ بن گیا اور ہندوستان میں ایک نئی قوم وجود میں آ گئی“۔ دو قومی نظریہ کیا ہے؟ ماہرین کے مطابق اسے سمجھنے کے لئے کسی افلاطونی ذہنیت یا ارسطو ہونا ضروری نہیں بلکہ یہ امر روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ ہندو اور مسلمان ہزاروں سال ایک ساتھ رہنے کے باوجود مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی لحاظ سے ایک دوسرے سے الگ تھلگ رہے ۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ بھارت کے دیہی علاقوں میں رہنے والے مسلمانوں کی 94.9 فیصد اور شہری علاقوں میں 61.1 فیصد خطِ افلاس سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔دیہی علاقوں کی 54.6 فیصد اور شہری علاقوں کی 60 فیصد نے کبھی سکول کا منہ نہیں دیکھا۔دیہی علاقوں میں مسلم آبادی کے 0.8 اور شہری علاقوں میں 3.1 مسلم گریجوئیٹ ہیں اور 1.2پوسٹ گریجویٹ ہیں۔اگرچہ مغربی بنگال کی کل آبادی کا 27 فیصد مسلمان ہیں مگر سرکاری نوکریوں میں یہ شرح 4.2 % ہے۔آسام میں یہ شرح 40 % مگر نوکریاں محض 11.2%،کیرالہ میں 20% آبادی کے پاس 10.4 فیصد سرکاری نوکری ہے ۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج اور خفیہ اداروں نے اپنے یہاں سے معلومات کے حصول کی اجازت ہی نہیں دی تھی مگر عام رائے یہ ہے کہ ان اداروں میں مسلم نمائندگی کی شرح کسی طور بھی 1.75 فیصد سے زائد نہیں۔ اس تصویر کا یہ رخ اور بھی بھیانک ہے کہ مہاراشٹر میں مسلمان کل آبادی کا 10.6 فیصد ہیں مگر یہاں کی جیلوں میں موجود قیدیوں کا 32.4 فیصد حصہ مسلمان ہے۔دہلی کی آبادی میں مسلمان 11.7 فیصد مگر جیلوں میں کل قیدیوں کا 27.9 فیصد،صوبہ گجرات کی جیلوں میں کل بند افراد کا 25.1 فیصد مسلمان ہے جبکہ آبادی میں یہ تناسب 9.1 فیصد ہے ، کرناٹک کی جیلوں میں 17.5 فیصد مسلمان بند ہیں جبکہ آبادی میں یہ تناسب 12.23 فیصد ہے ، مہاراشٹر کی جیلوں میں ایک برس سے زائد مدت سے قید افراد میں 40.6 فیصد مسلمانوں پر مشتمل ہے۔بھارتی مسلمانوں کو اس عجیب صورتحال سے بھی دو چار ہونا پڑتا ہے کہ بی جے پی اور اس کے ہم نوا کہتے ہیں کانگرس نے مسلمانوں کو خوش کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے جبکہ کانگرس سمیت تمام سیکولر پارٹیاں، انڈین آرمی،خفیہ ادارے ، پولیس ،میڈیا اور عدلیہ کا بڑا حصہ بھارت کے ساتھ ان کی وفاداری کو مشکوک سمجھتا ہے ۔ بنکوں سے قرضہ ملنا تو دور کی بات اپنے آبائی علاقوں کے باہر کرائے پر دکان یا مکان دیا جانا بھی معیوب سمجھا جاتا ہے۔ ایسے میں وطنِ عزیز کے سبھی حلقوں کو یومِ آزادی کے موقع پر بھارتی مسلمانوں کی حالتِ زار کو سامنے رکھنا چاہیے اور خود احتسابی اور خود مذمتی میں حائل بہ ظاہر معمولی لیکن در حقیقت انتہائی اہم فرق ملحوظ رکھا جائے کہ با شعور اور زندہ قوموں کا یہی طریقہ ہوتا ہے، علاوہ ازیں سیاسی رہنماﺅں کو بھی اپنے وقتی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قوم کو ”حقیقی آزادی“ جیسے بے معنی نعروں سے دور رکھنا چاہیے۔۔ اس بابت اصل ذمہ داری مقتدر طبقات (بھلے ہی وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں)،سول سوسائٹی اور میڈیا پر عائد ہوتی ہے۔ اس ضمن میں یہ بات خصوصی توجہ کی حامل ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں بھارتی صوبے منی پور میں جس طور عیسائیوں کی نسل کشی جاری ہے اس کا اعتراف راہول گاندھی سمیت ساری عالمی برادری کر رہی ہے علاوہ ازیں ہریانہ میں نوح اور مقبوضہ کشمیر میں جس طور بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا قہر برپا ہے اس کو دیکھتے ہوئے تو آزادی کی قدرو وقیمت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔امید کی جانی چاہیے کہ قوم کے سبھی حلقے اس صورتحال کا صحیح معنوں میں ادارک کرتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریاں زیادہ فعال ڈھنگ سے ادا کرینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

güvenilir kumar siteleri