صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آج ہم سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر جہاں اُن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں وہاں ہم اس بات کا تجدید عہد کرتے ہیں کہ اُن کے مشن کو جاری و ساری رکھا جائے گا جس طرح انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نامساعد حالات میں تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا اُس پر ہم اُن کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مجھے سید علی گیلانی سے کئی بار ملاقات کا شرف حاصل ہوا جبکہ میں جب سرینگر کے دورے پر گیا تو وہاں پر وہ اپنے گھر میں نظر بند تھے لیکن اُن کا جذبہ اور ہمت بلند تھی اور انہوں نے انتہائی مستقل مزاجی کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا۔ ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اسلام آباد میں سید علی گیلانی مرحوم کی پہلی برسی کے موقع پر فرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان، سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی، مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، جمعیت علماء اسلام آزادکشمیر کے سربراہ مولانا سعید یوسف خان، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء فیصل ممتاز راٹھور، فرینڈز آف کشمیر کی غزالہ حبیب، عبدالحمید لون، منظور شاہ، شبیر تانترے اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی مرحوم نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر کو آگے بڑھانے کے لئے جدوجہد کی اور انہوں نے ساری کشمیری قیادت کو متحد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ساری کشمیری قیادت کشمیر کی آزادی کے ایک نقطے پر متحد ہے۔ 05اگست2019کے بعد سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایسے اقدامات اُٹھانے شروع کر دئیے ہیں جس کے تحت وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لئے 45لاکھ سے زائد غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی حلقہ بندیاں بھی تبدیل کر رہا ہے جس کے تحت وہ ایک ہندؤ وزیر اعلیٰ کو لانے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔ حال ہی میں حریت رہنماء یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ لہذا مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم بھارت کے مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیں۔ دنیا میں رائے عامہ بھارت کے خلاف ہو چکی ہے اور کشمیری عوام کو سننا چاہتی ہے لہذا اب ضرورت اس امر کی ہے کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب مبذول کرانا ہو گی تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں 9لاکھ بھارتی فوج کے مظالم بند کرانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج آئے روز انسانی حقوق کی پامالی کر رہی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں مزاحمتی تحریک عروج پر ہے لہذا ایسے موقع پر ہمیں آزادکشمیر سے جو کہ آزادی کا بیس کیمپ ہے بھرپور انداز میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے آواز بلند کرنا ہو گی۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آج کے دن جہاں ہم سید علی گیلانی مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں وہاں ہم مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو بھی سلام پیش کرتے ہیں ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔
٭٭٭
پاکستان
خاص خبریں
علاقائی
سید علی گیلانی کے مشن کو جاری و ساری رکھا جائے گا صدر آزادجموں وکشمیر
- by Daily Pakistan
- ستمبر 1, 2022
- 0 Comments
- Less than a minute
- 661 Views
- 2 سال ago