اداریہ کالم

غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری

idaria

غزہ میں اسرائیلی فوج تاریخ کی بدترین بربریت میں مشغول ہیں اور وہ ہر قیمت پر غزہ کا کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہے تاہم بہادر حماس کی فدائی ابھی تک اس کی ہر کوشش کو ناکام بنائے ہوئے ہیں ، اللہ انہیںاس میں کامیابی اور کامرانی عطا کریں ، غزہ سے آنیوالی خبروں کے مطابق تازہ دم حملے میں مزید 55فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ، ظالم اسرائیلی افواج اس جنگ میں تمام اخلاقیات اور روایات کی حدود کو کراس کرتے ہوئے بچوں ، خواتین پر بھی اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور ذرائع کے مطابق ہسپتال ، سکول اور وہ تمام جگہیں جہاں نہتے فلسطینی پناہ لیئے ہوئے ہیں ان ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنائے ہوئے ہیں ، اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان خان یونس کے سرحدی علاقے میں ہونے والے ایک زمینی جھڑپ میں مجاہدین نے اسرائیلی کے دو بلڈوزر اور ایک ٹینک کو تباہ کردیا ہے ، اس وقت تک شہداءکی تعداد 4700سے بڑھ چکی ہے جبکہ اسرائیلی افواج 42فلسطینی مجاہدین کو بھی گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، جوں جوں وقت گزرتا چلا جارہا ہے یہ جنگ پھیلتی چلی جارہی ہے اور اس کے لپیٹ میں اب جنوبی لبنان بھی آچکا ہے کیونکہ اسرائلی فضائیہ اسے بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنارہی ہے ، اس حوالے سے اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل ، او آئی سی اور علاقے کے ممالک ابھی تک کوئی قابل ذکر کردار ادا نہیں کرسکے ، پوپ فرانسس نے بھی اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے لیکن شاید ان کی بھی پوری طور پر نہیں سنی جارہی ، دنیا کی کوئی طاقت اس جنگ کی اصل وجہ بیان نہیں کرسکی ، اسرائیل کا کردار ایک قابض ملک کا جس نے مسلمانوں کی مقدس سرزمین پر طاقت کے زور پر قبضہ جما رکھا ہے اور وہاں کے اصل مالک فلسطینی اس قبضے کے خلاف ہیں اور اقوام عالم سے اپنا حق طلب کررہے ہیں مگر اسرائیل کی جانب سے یک طرفہ طور پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف دنیا کے کسی طاقتور ادارے نے آج تک نہ توکوئی فیصلہ دیا اور نہ ہی اس حوالے سے اسرائیل کی مذمت کی ، حالانکہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ اقوام متحدہ پوری سنجیدگی کے ساتھ اس مسئلے کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھاتی ، اخباری اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونےکی کوشش ناکام ہوگئی، اسرائیلی فوج غزہ اور اسرائیل کے درمیان آہنی باڑھ کی مرمت کے لیے جانا چاہتی تھی کہ اسرائیلی فوج کا ٹینک فلسطینیوں کے نرغے میں آگیا اور اسرائیلی فوج فائرنگ کی زد میں آکر ٹینک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئی۔ اسرائیلی بمباری سے دو ہفتوں کے دوران غزہ کے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 7سو سے تجاوز کرگئی ہے، شہدا میں 40 فیصد معصوم بچے شامل ہیں، جب کہ زخمی 16 ہزار تک پہنچ گئے ہیں۔جنگی اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسرائیلی فوج نے غزہ کے ہسپتالوں، سکولوں، مساجد اور اقوام متحدہ کے ریلیف مراکز کو بھی نشانہ بنایا، حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4700 ہو گئی ہے، شہدا میں 2ہزار کے قریب بچے اور 1400 خواتین شامل ہیں۔ ساڑھے 13 سے زائد افراد زخمی جبکہ 10ہزار معصوم فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، سفاکیت کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بھی 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، غزہ میں عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہو گئیں، ہسپتالوں میں سہولتیں بھی موجود نہیں ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے پرتشدد کارروائیاں جاری رکھنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں فتح حاصل ہونے تک لڑائی جاری رکھیں گے، جتنے اسرائیلی حماس نے یرغمالی بنائے ہیں انہیں واپس لے کر آئیں گے۔اسرائیل کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ پہلے حماس کے انفرا اسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کریں گے اس کے بعد بچے کھچے ٹھکانے ختم کرنے کیلئے فوجی آپریشن کیا جائے گا، حماس کی شکست کے بعد اسرائیل غزہ کی پٹی کے تحفظ کا ذمہ دار نہیں رہے گا۔ اسرائیل نے 24 فلسطینی اسپتالوں کو خالی کرنےکی وارننگ بھی دی ہے، فلسطینی ہلال احمر نے غزہ کے اسپتالوں کو خالی کرنےکی اسرائیلی وارننگ کو مریضوں کے لیے سزائے موت جیسا قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، انہیں بحفاظت کہیں اور منتقل نہیں کرسکتے۔حماس کا کہنا ہے کہ غزہ پر رات گئے ہونے والی اسرائیلی بمباری میں 55 افراد شہید اور 30 سے زائدگھر تباہ ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر فلسطینیوں کو جنوب کی طرف جانے کی دھمکی دے دی ہے۔مشرق وسطی میں تنازع پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے، اسرائیل نے جنوبی لبنان کے اندر پانچ کلو میٹر تک فاصلے پر شدید گولہ باری شروع کر دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فوج میں فائرنگ اور راکٹوں کا تبادلہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ اسرائیل نے شام میں دمشق اور حلب کے انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر میزائل حملے کیے جس میں دو ملازمین جاں بحق ہوگئے۔فلسطین میں غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی بدترین بمباری کے بعد انسانی بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جہاں اب صرف تین دن کا ایندھن باقی رہ گیا ہے اور حال ہی میں پہنچنے والے امداد کے 17 ٹرکوں میں بھی ایندھن موجود نہیں ہے۔فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ غزہ میں تین دن کے اندر ایندھن ختم ہو جائے گا۔اقوام متحدہ کی ایجنسی نے کہا کہ کوئی ایندھن نہ ہونے سے غزہ کے بچوں، خواتین اور لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔انہوں نے تمام فریقین اور اثر و رسوخ رکھنے والوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر فلسطینی علاقوں تک ایندھن کی سپلائی کی اجازت دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس ایندھن کا سختی کے ساتھ صرف ممکنہ انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جائے۔ادھر خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لگاتار دوسرے دن سامان سے لدے ٹرک مصر سے رفح کے راستے غزہ کی پٹی میں داخل ہو گئے ہیں اور اس مرتبہ 17ٹرک جنگ زدہ علاقے میں داخل ہوئے ہیں۔ہفتے کے روز بھی خوراک، ادویہ اور یندھن سے لدے 20 ٹرک غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے تھے۔
پنجاب میں غیرقانونی افغانیوں کےخلاف حکمت عملی تیار
پنجاب میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف وسیع اور جامع آپریشن کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد جو آپریشن ہوگا اس حوالے سے لا انفورسمنٹ کے اداروں نے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے ، اس حوالے سے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔پنجاب حکومت نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک پنجاب چھوڑنے کا حکم دے دیا۔تمام متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو اس حوالے سے ضروری اہداف سونپ دیئے گئے، اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف درج کیسز کے چالان کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون سمیت متعلقہ حکام شریک ہوئے، کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجود تھے۔
پی آئی اے مالی بحران کا شکار
کس قدر افسوسناک بات ہے کہ قومی ایئر لائن بھی بحران کا شکار ہوکر اپنا آپریشن بند کر بیٹھی ہے او ر اس وقت تک اندرون ملک آپریشن مکمل طور پر بحال نہیں کیا جاسکا ، گزشتہ روز 50پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔کل بھی اندرون ملک پروازوں کا فضائی آپریشن متاثر رہا۔ پی ایس او نے فیول کے پیسے لینے کے باوجود اچانک سے سپلائی بند کردی۔کراچی سے مختلف شہروں کے ہوائی اڈوں پر اترنے والی متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ کراچی اسلام آباد کی 3 پروازیں پی کے 300، 308 اور 340، اسلام آباد کراچی کی 2 پروازیں پی کے 301 اور 369 منسوخ کر دی گئیں۔لاہور سے کراچی کی 2 پروازیں پی کے 303 اور 307، کراچی لاہور کی 3 پروازیں 302، 304 اور 306 جب کہ کراچی سے گوادر، بہاولپور، فیصل آباد کی دوطرفہ 6 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ سیالکوٹ سے مسقط جانے والی دو طرفہ پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ہفتے کی شب پی آئی اے کی 4 پروازیں بیرون ملک روانہ ہوئی تھیں جن میں چائنا،کوالالمپور،کینیڈا اور استبول کی پروازیں شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے