وفاقی کابینہ کی تشکیل پا چکی،وزراءنے حلف اٹھانے کے بعد اپنے اپنے قلمدانوں کا چارج سنبھال لیا ہے،وفاقی کابینہ میں کچھ چہرے پرانے اور کچھ نئے چہرے شامل ہیں۔انہی نئے چہروں میں ایک چہرہ سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا بھی ہے۔محسن نقوی کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے اور وزارت داخلہ جیسا اہم قلمدان سونپنے پر وزیراعظم شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں۔
سرکاری اسکول سے تعلیم کا آغاز کرنے والے محسن نقوی کانگراں وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے قبل اپنا کوئی سیاسی پس منظر نہیں تھا،جھنگ کے سید گھرانے سے تعلق رکھنے والے سید محسن نقوی 1978ءکو لاہور میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل ہائی اسکول سے حاصل کی ،گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی ، اعلی تعلیم کیلئے امریکہ چلے گئے جہاں اوہائیو یونیورسٹی سے صحافت میں ڈگری حاصل کی۔
محسن نقوی امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے منسلک رہے اور وہاں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،30سال کی عمر میں مقامی میڈیا سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی ،وہاں بھی اپنی محنت ولگن سے دن دگنی رات چگنی ترقی پائی،چوہدری خاندان کے قریبی رشتہ دارہیں۔
ہماری ملکی تاریخ میں جب بھی نگراں حکومت آئی اس نے اپنے آپ کو روزمرہ کے امور سرانجام دینے تک ہی محدود رکھا لیکن جنوری 2023میں جب محسن نقوی نے بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب ذمہ داریاں سنبھالیں تواپنی محنت اورتندہی سے کام کرنے کی نئی روایت ڈال دی ، جسے وزیراعظم شہباز شریف نے محسن اسپیڈکا نام دیا جس کی وجہ میری نظر میں محسن نقوی کا ترقیاتی منصوبوں پر پہرہ دینا بھی تھا۔
محسن نقوی کو حکمرانی کا کوئی تجربہ نہیں تھا لیکن اس کے باوجود انھوں نے اپنے آپ کو اچھا ایڈمنسٹریٹر ثابت کیا ،انھوں نے ایک سال کے عرصے میں نئے ہسپتالوں کا قیام وپرانوں کی اپ گریڈیشن، مفت ٹیسٹ و ادویات کی فراہمی،پولیس نظام میں بہتری،سمارٹ پولیس اسٹیشنز کا قیام،فلائی اوورز،انڈرپاسز،سگنل فری کوریڈورزوسڑکوں کی تعمیر،سپورٹس کمپلیکس،مذہبی مقامات کی توسیع،شعبہ زراعت میں ریسرچ،تعلیمی میدان میں انقلابی اقدامات،بادشاہی مسجد کی تزئین و آرائش،پرانے قرضوں کی ادائیگی اور نئے قرضوں سے انکار کرکے خدمت کی نئی تاریخ رقم کی۔
ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کیلئے محسن نقوی کے طرز حکمرانی کی گونج بیرون ملک بھی سنائی دیتی رہی اورغیرملکی حکمران محسن نقوی کے کام کرنے کے انداز کی تعریف کرتے رہے ۔بلاشبہ پنجاب جیسے بڑے صوبے کی حکمرانی بہت مشکل ہے لیکن اپنی خداداد صلاحیتوں کی بدولت محسن نقوی ایک کامیاب حکمران کا سہرا اپنے سر سجانے میں کامیاب رہے۔محسن نقوی کے بارے میں بجا طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ نگران حکومتوں کے لیے مثبت اور تعمیری کام کرنے کی ایک ایسی مثال قائم کر کے اپنے عہدے سے سبکدوش ہو ئے جس کو مدتوںیاد رکھا جائےگا ۔
محسن نقوی پنجاب میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ہی 6فروری 2024کو 3سال کیلئے پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے اور اسی بنیاد پر انھیں وزارت داخلہ کا قلمدان بھی سونپا گیا ہے،مجھے قوی امید ہے کہ جس طرح پنجاب میں محسن نقوی نے اپنے آپ کو منوایا اسی طرح امن و امان کے حوالے سے بھی محسن نقوی بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔
ملک اس وقت معاشی طور پر کمزور ہے اور معیشت کی بہتری جبھی ممکن ہے جب ہماری ایکسپورٹ بڑھے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو اور یہ سب اسی صورت ممکن ہو گا جب ملک میںسیاسی استحکام اور امن و امان کی صورتحال مثالی ہو گی جو محسن نقوی کے وزیرداخلہ بننے سے جلدہوتی نظرآتی ہے۔
حلقہ احباب سردار خان نیازی
محسن نقوی،وزارت داخلہ کیلئے بہترین انتخاب
- by web desk
- مارچ 13, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 1301 Views
- 7 مہینے ago