کالم

من پسندغیر ملکی سفارتکاروں کا دورہ مقبوضہ کشمیر

من پسند غیر ملکی سفارت کار وں کے دورہ کشمیر کے پیش نظرسرینگر، گاندربل اور بڈگام اضلاع میں ہزاروں اضافی بھارتی فوجی تعینات کیے گئے ہیں جس سے علاقہ میدان جنگ کا منظرپیش کررہا ہے۔ نام نہاد اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے باوجود سخت پابندیاں عائد کی گئیں۔بھارتی حکام نے پورے علاقے میں نگرانی کے جدیدآلات نصب کئے اور پابندیاں مزید سخت کر دیں۔ ڈرونز کے ذریعے حساس علاقوں کی نگرانی کی گئیں، اسٹریٹجک مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے اورلوگوں کی نقل وحرکت پر نظررکھنے کےلئے خصوصی چیک پوائنٹس بھی قائم کئے گئے۔جگہ جگہ گاڑیوں اورمسافروں کی تلاشی کے دوران لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے اور اختلاف رائے کی نشاندہی کےلئے موبائل فون سروسز اورانٹرنیٹ کی نگرانی بھی کی گئی۔گزشتہ ہفتے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بدھ کو ووٹ ڈالے گئے، جموں و کشمیر کے چھ اضلاع کے چھبیس حلقوں میں بھاری تعداد میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں ووٹ ڈالے گئے۔ جن میں کشمیر کے پندرہ اور جموں کے گیارہ حلقے شامل ہیں۔ تازہ ترین انتخابی فہرستوں کے مطابق اس مرحلے میں پچیس لاکھ اٹھتر ہزار سے زائد ووٹر اپنا حق رائے استعمال کرنے کے اہل تھے جن میں تیرہ لاکھ بارہ ہزار سے زائد مرد اور بارہ لاکھ پیسنٹھ ہزار سے زائد خواتین ووٹرز شامل ہیں جبکہ من پسند غیر ملکی سفارت کار وں کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے پیش نظرسرینگر، گاندربل اور بڈگام اضلاع میں ہزاروں اضافی بھارتی فوجی تعینات کیے گئے ہیں جس سے علاقہ فوجی چھاونی میں تبدیل ہوکے رہ گیا ہے۔مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اسمبلی ا نتخابات کے مشاہدے کے نام پر غیر ملکی سفارتکاروں کو مدعو کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔عمر عبداللہ نے مودی حکومت کے مقاصد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ اسے ان کے موقف میں تضاد کی عکاسی ہوتی ہے ۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے غیر ملکی سفارت کاروں پرزوردیاہے کہ وہ علاقے میں حالات معمول پرآنے کے بھارتی حکومت کے جھانسے میں نہ آئیں۔ میرواعظ عمر فاروق نے کے ایم ایس کو انٹرویو میں کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پاکستان سے بامعنی مذاکرات کرے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے جنگ نہیں بات چیت، باہمی افہام و تفہیم کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف شوپیاں کے لوگوںنے بڑی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں کے زیر استعمال تین گاڑیوں کو روکا جو چوری شدہ سیبوں کے ڈبوں سے لدے ہوئے تھے۔ ضلع کے علاقے چتراگام کلاں میں مقامی لوگوں نے دو لوڈ کیرئیر اور ایک اسکارپیو گاڑی کو رات کے دو بجے کے قریب روکا۔ تلاشی لینے پر گاڑیوں کے اندر سے چوری شدہ سیبوں کے سینکڑوں ڈبے برآمد ہوئے۔ مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کے ظلم و ستم پرہٹلرکی روح بھی کانپ اٹھی ہے،مگرنہتے کشمیریوں پرظلم کے پہاڑتوڑتے ہوئے بھارتی حکومت اورفوج کو شرم نہیں آئی۔کشمیریوں پر بد ترین ریاستی دہشت گردی کر کے حقوق انسانی کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔دنیا اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو محض عسکری طاقت کے بل بوتے پر نہ صرف اپنا غلام بنا رکھا ہے،بلکہ اس نے کشمیری عوام پر ظلم و ستم اور جبر و تشدد کے ایسے پہاڑ توڑے ہیں جن کا کوئی اخلاقی یا سیاسی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کی طرف سے حال ہی میں جو تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 1989ءسے اب تک 94ہزار سے زائد بے قصور اور بے گناہ افراد کو شہید کیا جا چکا ہے۔ اس کے نتیجے میں ایک لاکھ 7ہزار سے زائد بچے یتیم ہو گئے اور 22ہزار 7سو سے زائد عورتیں بیوہ ہو گئیں۔ اس کے علاوہ 10ہزار ایک سو سے زائد خواتین کی آبرو ریزی کی گئی۔ اس عرصے میں ایک لاکھ 6ہزار سے زائد مکانات اور دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔ اس ظلم و ستم کے باوجود مقبوضہ وادی کے عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کےلئے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اگر بھارت اپنے تمام وسائل، عسکری قوت اور خزانہ مقبوضہ کشمیر میں بروئے کار لائے تو بھی وادی کی ہیئت تبدیل نہیں ہو گی۔ بھارتی قیادت کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ دھونس اور دباو¿ کی پالیسی سے جذبہ آزادی ختم نہیں ہو گا۔عالمی برادری کے ساتھ ساتھ حقوق انسانی کے عالمی ادارے گزشتہ 25برسوں کے دوران لاپتہ کئے گئے 9ہزار سے زائد افراد کی بازیابی اور ان لوگوں کی گمشدگی سے متعلق حقائق کو منظر عام پر لانے کے لئے بھارت پر دباو¿ ڈالیں۔ 8ہزار سے زائد گمنام قبروں میں دفن لوگوں کے اصل حقائق سے کشمیری قوم اور ان افراد کے لواحقین کو معلومات فراہم کرنا عالمی برادری کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ہم عالمی برادری کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام پر جاری مظالم کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ اس کا واحد حل یہی ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا حامی، جبکہ بھارت انکاری ہے۔ یہ مسئلہ اگر ابتدا ہی میں حل ہو جاتا یا سلامتی کونسل کی قرار دادوں کو سامنے رکھتے ہوئے کشمیریوں کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے دیا جاتا تو آج جنوبی ایشیا ایک پرامن خطہ ہوتا لیکن نہ تو اقوام متحدہ نے اس طرف کوئی دلچسپی لی اور نہ ہی بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی چھوڑی اور آج تک یہ مسئلہ جوں کاتوں ہے۔ اقوام متحدہ اس پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے اور عالمی برادری سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے