جوہری تحقیق کی یورپی تنظیم ’’سرن‘‘ نے پاکستان کو باقاعدہ طور پر ایسوسی ایٹ رکنیت دے دی ہے۔ دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان یہ رکنیت حاصل کرنے والا پہلا غیر یورپی ملک ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور’’ سرن‘‘ کے درمیان ایسوسی ایٹ ممبر شپ کے معاہدے پر دسمبر 2014 میں دستخط ہوئے تھے۔ 31 جولائی 2015 کو جنیوا میں پاکستانی سفیر ضمیر اکرم کی جانب سے تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل کو انسٹرومینٹ آف ریٹیفیکیشن کی فراہمی کے بعد پاکستان کی رکنیت کو باقاعدہ حیثیت مل گئی ہے۔ دفترِ خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ’’سرن‘‘ کی رکنیت ملنا پاکستان کے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کی دلیل ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان پہلے ہی ’’سرن‘‘ کے اہم ترین منصوبے ’’لارج ہیڈرون کولائیڈر‘‘ میں قابلِ ذکر تعاون کر چکا ہے اور اب ایسوسی ایٹ رکن کی حیثیت سے وہ تنظیم کے تحت ہونے والی جدید سائنسی تحقیق سے فائدہ اٹھانے کی امید رکھتا ہے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اس قسم کے اداروں اور منصوبوں سے تعلق جوڑنا ملک کے عوام کے لیے دور رس مثبت نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔ خیال رہے کہ ’’سرن‘‘ کی رکنیت ملنے سے قبل ہی وہاں پاکستانی سائنسدان کئی سال پہلے سے سائنسی تحقیق میں ہاتھ بٹا رہے ہیں۔’ ’سرن‘ ‘سے منسلک ایک پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر حفیظ ہورانی کے مطابق 1994ء میں سرن لیبارٹری کے ساتھ کام کرنے کا معاہدہ طے پانے کے بعد سو سے زائد پاکستانی سائنسدان سرن لیبارٹری کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ’’ہیڈرون کولائیڈر‘‘ منصوبے سے وابستہ ڈاکٹر ہورانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان میں سے ایک وقت میں لیبارٹری میں 15 کے قریب سائنسدان کام کرتے ہیں اور باقی سائنسدان پاکستان میں انٹرنیٹ کے ذریعے تحقیقی کام کرتے ہیں جسے ویلیو ایڈیشن کہا جاتا ہے۔ڈاکٹر ہورانی نے مزید بتایا کہ’ ’سرن سے مختلف مواد تحقیق کے لیے بھیجا جاتا ہے اور پاکستان میں اس کا مشاہدہ کرنے کے بعد مختلف ماڈلز تیار کر کے واپس بھیجے جاتے ہیں۔‘‘ ڈاکٹر ہورانی نے کہا کہ سرن لیبارٹری کے ساتھ کام کرنے والے زیادہ تر سائنسدانوں کا تعلق پاکستان کے نیشنل سینٹر فار فزکس اور ملک کے جوہری ادارے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سے ہے۔
پاکستان
موسم
پاکستان کویورپی جوہری تنظیم کی رُکنیت مل گئی
- by Daily Pakistan
- اگست 2, 2015
- 0 Comments
- Less than a minute
- 651 Views
- 9 سال ago