کراچی: قائد آباد میں گھر سے ماں اور شیر خوار بیٹے کی لاشیں ملیں ، مقتولہ کے شوہر کا 4 ماہ قبل انتقال ہوا تھا، اور خاتون اپنی عدت پوری کر رہی تھی۔شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے قائد آباد گوشت والی گلی میں گھر سے ماں اور شیر خوار بیٹے کی لاشیں ملیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتولین کی لاشیں جناح اسپتال پہنچائیں ۔مقتولہ کی شناخت 35 سالہ فائزہ اور بیٹے کی شناخت ڈیڑھ سالہ زوہان کے نام سے کی گئی ۔مقتولہ کے شوہر ساجد کا 4 ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا جس کے باعث مقتولہ عدت میں تھی اور اس کی کچھ ہی دن بعد خاتون اپنے آبائی علاقے اٹک جانے کی تیاری کر رہی تھی ۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی پہلی جب کہ اس کے شوہر کی دوسری شادی تھی، جس نے پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی، جس سے کوئی اولاد نہیں تھی۔ مقتولہ فائزہ کا دیور پچھلی گلی میں رہتا ہے اور اس کے بچے زوہان کو روز لینے آتا تھا۔ گزشتہ روز وہ بچے کو لینے آئے تو گھر میں کمرے کے باہر تالا لگا ہوا تھا، جس پر بچوں نے گھر جا کر اپنی والدہ کو بتایا، جس پر وہ خود گھر آئی اور کھڑکی سے جھانک کر دیکھا تو فائزہ کی لاش پڑی ہوئی تھی۔پولیس کو جائے وقوع سے اینٹ ملی ہے جس سے مقتولہ کے سر پر وار کیے گئے تھے جب کہ ایک کانٹا (فوک) بھی ملا جس سے مقتولہ کی پشت پر پے در پے وار بھی کیے گئے ۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش ملنے کے بعد بچے کو تلاش کیا گیا تو وہ نہیں ملا اور جب گھر کا زیر زمین ٹینک چیک کیا تو اس میں سے ڈیڑھ سالہ زوہان کی لاش ملی ۔پولیس حکام نے بتایا کہ دہرے قتل کی واردات میں کتنے لوگ ملوث تھے، اس کا فوری طو پر تعین نہیں کیا جا سکتا، تاہم شبہ ہے واردات میں ملوث ملزم یا ملزمان کا گھر میں آنا جانا تھا جس کی وجہ سے وہ آسانی سے گھر کے اندر داخل ہوئے۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
جرائم
کراچی؛ شوہر کے انتقال کے 4 ماہ بعد خاتون شیرخوار بیٹے سمیت قتل
- by Daily Pakistan
- مئی 26, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 494 Views
- 2 سال ago