بلا شبہ جمہوریت میں حکومت کے خلاف حزبِِ اختلاف کی تمام جماعتوں کو پر امن احتجاج کرنے کا جمہوری حق ضرور ملنا چاہیے مگر تحریک انصاف کا احتجاج کرنے کا آغاز و انداز ہی نرالہ ہوتا ہے ۔ میری رائے میں کسی بھی احتجاج کو کسی بھی صورت میں کبھی بھی جتھوں ، حملوں اور فساد کی صورت نہیں اختیار کرنی چاہیے ۔ کوئی بھی احتجاجی تحریک شروع کرتے وقت مرنے مارنے کی باتیں اور تکبر و دھمکیاں و گالیاں نہ صرف خلافِ اخلاقیات ہیں بلکہ جمہوری اصول و ضوابط کے بھی منافی ہیں بلکہ صریحا بدمعاشی و شرارت و بدقماشی ہے اور سب سے بڑی بات یہ کہ کسی بھی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے اغراض و مقاصد اور محرکات کا خالصتا عوامی مسائل و مشکلات سے جڑا ہوا ہونا بھی لازم و ملزوم ہوتا ہے جبکہ ان انصافیوں کے احتجاج میں ذکر تک نہیں ہوتا مہنگائی ، غربت اور بھوک بے روزگاری کا جو غریب عوام کے غم دکھڑے ہیں ، ان کے ترانے اور افسانے بس اپنے عقلِ کل کپتان سے شروع ہوتے ہیں اور ختم بھی یعنی کہ تان ٹوٹتی بھی کپتان پہ ہی ہے ۔ میرے خیال میں اگر مکمل دیانت و ذہانت کے ساتھ تجزیہ کیا جائے تو عہدِ موجود میں جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو زمینی حقائق کو جانتے ہوئے اور عصری تقاضوں کو سمجھتے ہوئے برحق بیانیہ بول رہی ہے ، ملک و قوم کو درپیش چیلنجز کو سامنے لا رہی ہے اور حکومتی ظلم و جبر کےخلاف آواز بھی اٹھا رہی ہے ، اور اس پہ میں اس پوری جماعت کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جماعت اسلامی نفاذِ اسلام کے نظریے کو لے کر چل رہی ہے اور اسلامک پاکستان خوشحال پاکستان کا پیغام گلی گلی پہنچا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے امیر جناب حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ حکومت کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے درست نہیں ہیں اگر مہنگائی کم ہوئی ہے تو صنعتوں میں بہتری اور بجلی ، گیس ، پیٹرول اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں آئی ہے۔؟ آئی پی پیز کو ہزاروں ارب روپے کیپیسٹی چارجز کی مد میں کیوں دیے جا رہے ہیں ۔ امیر جماعت نے صد فیصد درست فرمایا کہ اشرافیہ ٹیکس نہیں دیتی، غریبوں کا خون نچوڑا جا رہا ہے، ملک میں 77 برسوں سے کوالٹی ایجوکیشن دستیاب نہیں، حکومت چودہ ہزار سکولوں کو پرائیویٹ کرنا چاہتی ہے مگر جماعت اسلامی ایسا ہونے نہیں دے گی انشا اللہ۔ جماعت اسلامی کے بزرگ لیڈر جناب لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئی ہیں لیکن یہاں ایسا نہیں ہوا، وفاقی اور صوبائی حکومتیں غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے پر تیار ہی نہیں ہیں، حکومتی ریاستی ادارے مفت خوری سے باز آنے کو تیار ہی نہیں ہیں۔ بجلی یونٹ، تیل اور گیس کی قیمتیں پہلے ہی ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے بالکل بجا بات کی ہے کہ آئی ایم ایف کے حکم پر عوام پر جی ایس ٹی، اضافی ٹیکسز کا بوجھ مسلط کرنا سراسر ظلم ہے اور عوام کے پاس شدید ردِ عمل کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا۔ میں ایک مدت سے اپنے پاکستان کی تمام تر سیاسی جماعتوں کے حالات و معاملات اور افکار و خیالات کا بغور جائزہ لے رہا ہوں اور میری نظر بالخصوص جماعت اسلامی پر جمی رہی ، میں نے جماعت اسلامی کو دیگر تمام جماعتوں سے بہتر جان کر اس جماعت میں جانے کا سوچا اور اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے متعدد ممبران و عہدیداران سے رابطے بھی کیے ان کے واٹس ایپ نمبر پر میسجز کیے لیکن صد افسوس و ماتم کے ان ناخداﺅں میں سے کسی ایک کو بھی بسم اللہ ویلکم کہنے کی حتیٰ کہ جواب تک دینے کی بھی توفیق نہ ہوئی ۔ میں تمام جماعتوں سے اور بالخصوص امیر جماعت اسلامی جناب حافظ نعیم الرحمن جی سے اپنے ہی ایک شعر کی صورت میں بصد تکریم و تعظیم و احترام ملتمس ہوں کہ:
بے کسوں کے سنگ ہو جا
دو چند سے دور کنارہ کر
بن تو آس بے آسروں کی
بے چاروں کا چارہ کر
میں نے جماعت اسلامی کے اہم رہنماﺅں کو جو آخری واٹس ایپ پیغام بھیجا وہ حاضر خدمت ہے پلیز آپ بھی ملاحظہ فرمائیے کیونکہ اس میں بڑے بڑے اسباق پوشیدہ ہیں ۔
جماعت کے کرتا دھرتاﺅں کے نام
السلام علیم ورحم اللہ وبرکاتہ !عہد موجود میں جماعت اسلامی سب سے بڑھ کر اور بفضل اللہ دینیات و دیانت کے ساتھ اقامت دین ، غلبہ اسلام اور حقیقی معنوں میں عوام کے حقوق اور مسائل و مشکلات کےلئے غربت ، بھوک و بیروزگاری اور مہنگائی کے خلاف نوائے حق بلند فرما رہی ہے ، ابھی میرے گھر کے دروازے پہ دستک ہوئی اور یہ دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی اور فخر بھی کہ جماعت اسلامی کے ممبران ڈور ٹو ڈور دستک دے رہے ہیں ، اس قدر مہنگی بجلی جیسے جبر و ظلم پہ توجہ دلا رہے ہیں ، رائے عامہ ہموار فرما رہے ہیں اور لوگوں کو جگا رہے ہیں ۔ بلاشبہ یہی لوگ ہیں جو آج کے مشکل دور میں باطل کے خلاف برسرِ جنگ ہیں اور حقائق و سچائی بیان فرما رہے ہیں ۔ مجھے امیرِِجماعت اسلامی کا واٹس ایپ نمبر سینذ فرمائیے کیونکہ میں فکرِ مودودی کے رنگ میں رنگا ہوں اور جماعت میں جانے کا سوچ رہا ہوں ۔ میں صف اول میں شامل ہو کر جماعت اسلامی کی قیادت کے سنگ سنگ رہنے کے لیے تیار ہوں اور اپنے کالم شہادت میں بھی یہ اعلان کرنے جا رہا ہوں کہ میرے پاکستان کے لوگو ! اگر سودی نظام کے شکنجوں سے عالمی سامراج کے ہتھکنڈوں سے نجات چاہتے ہو تو یہ بہترین وقت ہے آپ کے لیے خدارا جماعت اسلامی کا ساتھ دو ۔ پھر نہ کہنا کہ خبر نہ ہوی ۔ میں بھی ان جماعتوں کی مانند آپ کو جگا رہا ہوں حق بتلا رہا ہوں کہ یہی تو آپ کے جاگنے کا اور حق کے لیے کھڑے ہونے کا صحیح وقت ہے میرے پاکستان کے مجبور ہو محکوم و مظلوم عوام ! خدارا اب تو جاگ جائیے نا آپ ورنہ چڑیا کھیت چگ جائیں گی اور آپ روتے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اور ایک بار پھر فکر مودودی سے لبریز کسی مرد قلندر کو یہ کہنا پڑے گا کہ:
یہ ناداں گِر گئے سجدوں میں جب وقت قیام آیا
کالم
امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن توجہ فرمائیں
- by web desk
- نومبر 16, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 44 Views
- 6 دن ago