کالم

ایک چھوٹا مسئلہ

جرابیں ہماری زندگی کا ایک چھوٹا مگر اہم حصہ ہیں، مگر یہ چھوٹا سا لباس ہمیشہ اپنی موجودگی کا احساس بڑے دلکش انداز میں دلاتا ہے۔ صبح یونیورسٹی جاتے ہوئے جب الماری کھولیں اور جرابوں کا صحیح سلامت جوڑا ہاتھ آجائے، تو لگتا ہے کہ قسمت آج واقعی مہربان ہے ۔ مگر یہ خوشی ہمیشہ دیر پا نہیں ہوتی۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جرابوں کے جوڑے میں سے ایک غائب ہوتا ہے یا پھر دونوں ایسے پٹے ہوئے ہوتے ہیں کہ ان کو پہننا ایک اخلاقی مسئلہ بن جاتا ہے۔کسی جگہ پڑھا تھا کہ اگر کسی کے جرابیں پھٹی ہوئی ہوں، تو اسے دو میں سے ایک قدم اٹھانا چاہیے: یا فورا شادی کر لے یا بیوی کو طلاق دیدے۔ اب جرابوں کے معاملے پر شادی کا بندوبست کرنا تو عقل سے ماورا ہے اور صرف ایک جراب کے پھٹنے پر بیوی کو چھوڑ دینا تو سراسر ناانصافی ہوگی۔ حقیقت یہ ہے کہ پھٹی ہوئی جرابیں کسی کی ذاتی عادت یا حالات کی عکاسی کرتی ہیں نہ کہ کسی کی زندگی کے بڑے فیصلوں کی بنیاد۔ ہمارے ہاں جرابوں کی صفائی بھی ایک مکمل رسم ہے ۔ پورے ایک ہفتے کے انتظار کے بعد جب واشنگ مشین چلتی ہے، تو سب کپڑوں کی دھلائی کے بعد بچے ہوئے گدلے پانی میں گھر کے تمام جرابوں کا اجتماعی غسل کیا جاتا ہے۔ اس غسل کا منظر بڑا دلچسپ ہوتا ہے: ہر جوڑے کو پہلے سے ایک دوسرے کیساتھ باندھ دیا جاتا ہے تاکہ دھلائی کے دوران یہ ساتھ نہ چھوڑ دیں۔ لیکن اگر قسمت نے دھوکہ دے دیا اور بندھن کھل گیا، تو پھر وہ جراب ہمیشہ کےلئے تنہا ہو جاتی ہے۔ یہ بیچاری جراب کسی الماری کے کونے میں یا کسی صوفے کے نیچے اپنی ساتھی کی واپسی کی منتظر رہتی ہے، لیکن اکثر یہ انتظار بے سود ثابت ہوتا ہے۔جرابوں کا مسئلہ دراصل ہماری زندگی کی وہ چھوٹی چھوٹی الجھنیں ہیں جو بظاہر معمولی لگتی ہیں لیکن اندر ہی اندر ہمیں بے چین رکھتی ہیں۔ کچھ لوگوں کے نزدیک جرابوں کا کھونا یا پھٹنا ایک معمولی بات ہے، مگر یہ وہی لوگ ہیں جو روزانہ کے ان چھوٹے مسائل کو کبھی اہمیت نہیں دیتے۔ اگر غور کریں تو یہ چھوٹے چھوٹے معاملات دراصل ہماری شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں،ہمارے انتظامی صلاحیتوں کی، ہماری صفائی پسندی کی، اور شاید ہماری سوچنے کی گہرائی کی بھی۔ایسا بھی ہوتا ہے کہ پرانی اور پھٹی ہوئی جرابیں کسی جذباتی وابستگی کی صورت اختیار کر لیتی ہیں۔ آخرکار جرابوں کے اس پیچیدہ مسئلے کا حل کیا ہے؟ شاید کہ ہم انہیں خریدتے وقت معیاری انتخاب کریں اور ان کی صفائی کا نظام بہتر بنائیں۔ یا پھر یہ تسلیم کریں کہ جرابوں کا مسئلہ انسانی زندگی کی وہ پیچیدگی ہے جسے حل کرنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا کہ کائنات کے راز سمجھنا۔ جرابوں کے پھٹنے یا گم ہونے کی کہانی صرف ایک لباس کی نہیں، بلکہ ہماری روزمرہ زندگی کی غیر متوقع مشکلات کی علامت بھی ہے۔ لہٰذا جب بھی یونیورسٹی جاتے ہوئے صحیح سلامت جوڑا ملے، تو اس لمحے کو خوش آمدید کہیے، کیونکہ جرابیں بھی زندگی کی طرح ناپائیدار ہوتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے