وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سرکاری نوکریوں سے پابندی ختم کر دی ہے ، وزیر اعلیٰ آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے 30ہزار سرکاری نوکریوں کا اعلان کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریفک وارڈنز اور ہائی وے پٹرولنگ پولیس کیلئے خصوصی الاﺅنس کی منظوری دیدی، چودھری پرویز الٰہی کا کہناتھا کہ خصوصی لاﺅنس پنجاب پولیس کے برابرا ہوگا،ٹریفک وارڈنز اور پٹرولنگ پولیس کیلئے ن لیگ کی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے سرکاری نوکریوں پر سے پابندی اٹھانے کے بعد پنجاب کے مختلف محکمے سکیل 1سے سکیل 5تک براہ راست بھرتیاں کریں گے ،جب کہ سکیل 5سے اوپر کی نوکریوں کیلئے سب کمیٹی سے اجازت درکار ہو گی، واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جولائی میں سرکاری نوکریوں پر پابندی لگائی تھی اور ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے تحت تمام سرکاری نوکریوں پر پابندی لگا دی گئی تھی صرف پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی)کے تحت بھرتیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں 142 اسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دیدی، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کیلئے خصوصی الاﺅنس کی منظوری بھی دیدی گئی، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اقلیتوں کیلئے مختلف محکموں میں 19 ہزار منظور شدہ خالی اسامیوں پر بھرتی کی اصولی منظوری بھی دیدی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک 24 ہزار سے زائد نئی بھرتیوں کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک مرحلہ وار5 ہزار اسامیوں پر بھرتی کی جائے گی،اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے کانسٹیبل کی 3 ہزار منظور شدہ خالی اسامیوں پر بھی بھرتی کی منظوری دیدی۔
چودھری پرویز الٰہی نے پولیس کیلئے آپریشنل گاڑیاں خریدنے کیلئے فنڈز کے اجرا کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف کے دور میں پولیس کی ویلفیئر کا کوئی کام نہیں ہوا،پٹرولنگ نہ ہونے کے باعث جرائم میں اضافہ ہوا،وزیراعلیٰ نے پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ میں بھرتیوں پر پابندی نرم کرنے کی منظوری بھی دیدی۔
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ 16ہزار اساتذہ کی بھرتی کا ارادہ کیا گیا ہے جس کیلئے سمری پر دستخط کر دیئے گئے ہیں اور اپروول کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو فائل بھجوا دی گئی ہے، جیسے ہی وزیر اعلیٰ آفس سے منظوری ہو گی اساتذہ کی بھرتی کیلئے اشتہار دے دیا جائےگا، پی ٹی آئی رہنما نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ساتھ میں اللہ کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے ہمیں موقع دیا تاکہ اپنے نوجوانوں کیلئے مواقع بنا سکیں ۔