پاکستان

عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کر دیا، سیلاب کے بعد آفات کا خدشہ

عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کر دیا، سیلاب کے بعد آفات کا خدشہ

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان میں دوسری آفات کا خطرہ منڈلا رہا ہے جو مختلف وبائی امراض سے بیماریوں اور اموات کی صورت میں حملہ آور ہوںگی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بیماریوں سے اموات کی صورت نئی آفت کا سامنا ہے۔

اپنے بیان میں سربراہ عالمی صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد ایک اور ناگہانی آفت وبائی امراض کے پھوٹنے اور ان سے ہونے والے جانی نقصان کی صورت میں سر اٹھا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او 10 ملین ڈالر کے بعد امداد کیلئے نئی اپیل جاری کرے گی، دنیا بھر کے عطیات دینے والوں سے زندگیاں بچانے کیلئےدل کھول کر امداد کی گزارش ہے۔
دوسری جانب سیلاب میں گھرے لاکھوں بچوں کی خطرے سے دوچار زندگیوں کیلئے اقوام متحدہ نے ہنگامی امداد کی نئی اپیل کردی ہے۔

واضح رہے کہ یونیسیف کے مطابق ملیریا اور ڈینگی کے ساتھ پیٹ کے امراض ان بچوں پر حملہ آور ہیں، یہ بچے اور بچیاں اس موسمیاتی تباہی کی قیمت چکا رہے ہیں جس میں وہ حصے دار ہی نہیں ہیں۔
یونیسیف کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ شیرخوار بچوں کی مائیں غذائی قلت کا شکار ہو کر دودھ پلانے سے بھی قاصر ہیں۔

یاد رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1540 سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد سیلاب سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے