پاکستان خاص خبریں دنیا

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم کا نوٹس لے ، الطاف وانی

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم کا نوٹس لے ، الطاف وانی

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی نے شہدائے گاﺅکدل کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کے سانحات میں سب سے وحشیانہ واقعہ ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق الطاف وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ کشمیر کی حالیہ تاریخ کا سب سے وحشیانہ قتل عام ہے۔انہوں نے کہا کہ 21 جنوری 1990ء کو سرینگر کے علاقے گاﺅکدل میں بھارتی فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کرکے 50 سے زائد کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیا تھا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ 1989ء کے بعد سے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کے دوران جارح بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جن میں قابض فوجیوں نے مرد، خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا ہے ۔ الطاف وانی نے کہاکہ 33 سال گزرنے کے باوجود سانحہ گاﺅکدل کے متاثرین کو آج تک انصاف نہیں مل سکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ کو پیش کی گئی تحقیقاتی رپورٹوں میں بھارتی سفاک فوجیوں کے براہ راست ملوث ہونے کے شواہد پیش کئے گئے تھے تاہم آج تک کسی بھی فوجی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے