اسلام آباد: رواں سال جولائی میں ہونے والے گیلپ سروے کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر عمران خان پی ٹی آئی کے چیئرمین نہیں ہوں گے تو پی ٹی آئی کے 63 فیصد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کریں گے۔سروے میں سوال پوچھا گیا تھا کہ ’’اگر عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نہ ہوں لیکن پارٹی الیکشن میں حصہ لے تو کیا آپ ایسی پارٹی کیلئے ووٹ ڈالیں گے؟‘‘ جواب میں 63 فیصد ووٹرز نے نفی میں جواب دیا جبکہ 37 فیصد ووٹرز نے کہا کہ وہ پارٹی کو ووٹ ڈالیں گے۔توشہ خانہ کیس میں سزا ملنے کے بعد سے عمران خان پی ٹی آئی کے چیئرمین نہیں رہے۔عمران خان اور ان کی پارٹی کو جو بات مزید نقصان پہنچا رہی ہے وہ یہ ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی جانے والی سزا کو معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے عملاً عمران خان کو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔ اگرچہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس آپشن ہے کہ سپریم کورٹ سے رجوع کرے لیکن الیکشن شیڈول جاری ہو چکا ہے اور اب بہت محدود وقت رہ گیا ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین بیریسٹر گوہر خان نے دی نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اگر الیکشن شیڈول تبدیل نہ ہو تو سپریم کورٹ سے عمران خان کے حق میں کوئی فیصلہ حاصل کرنے کیلئے بس چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں۔تاہم، انہیں یقین نہیں تھا کہ ایسا ہوگا بھی کہ نہیں۔ ان کی رائے تھی کہ پی ٹی آئی اور اس کے ماہرین قانون کا خیال ہے کہ عمران خان اب بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں کیونکہ توشہ خانہ کیس میں جیل میں قید رکھنے کا عمل معطل ہونے کا مطلب سزا کا معطل ہونا بھی ہے۔تاہم، بیشتر ماہرین قانون اس بات سے اتفاق نہیں کرتے اور اصرار کرتے ہیں کہ سزا کی معطلی سے جرم معطل نہیں ہوتا۔سابق وزیراعظم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رابطہ کرکے 28 اگست کے عدالت کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے درخواست دائر کی تھی ۔
پاکستان
عمران خان نے الیکشن میں حصہ نہ لیا تو 63فیصد پی ٹی آئی ووٹرز ووٹ نہیں ڈالیں گے
- by Daily Pakistan
- دسمبر 22, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 572 Views
- 12 مہینے ago