امت مسلمہ و پوری دنیا سمیت وطن عزیز پاکستان میں بھی فرزندان توحید نے ہرسال کی طرح امسال بھی عید الاضحی بھرپور جوش و جذبہ اور سنت ابراہیمی کیساتھ گزاری۔حج کے بعد روز اول باجماعت نماز عید کے بعد سب مسلمانوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور آپسی محبت و اخوت کے رشتوں میں مزید گرمجوشی پیدا کی۔ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے بھی عید الاضحی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی عید سے قبل ہی وزیر اعظم نے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرکے عید پر قوم کو خوشخبری سنادی تھی۔
رواں سال حج کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے عازمین حج کیلئے ایک اور بہترین اقدام کیا گیا کہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سرکاری سکیم سے استفادہ کرنے والے زائرین میں آب ز م ز م کی تقسیم کے انتظامات کا بھی اعلان کردیا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے آب ز م ز م وصول کرنے کے لیے مقررہ مقامات پر حجاج کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدے کے تحت تمام ایئر لائنز کو یہ ذمہ داری تفویض کی ہے۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سعودی ایئرلائنز، سیرین ایئر، اور ایئرسیال، چاروں ایئرلائنز حجاج کرام کو پاکستان واپس لے جائیں گی۔
اس حوالے سے عازمین حج کو بھی ہدایا ت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ ہوائی اڈوں سے آب زم زم وصول کریں اور اسے اپنے سامان کے ساتھ بک کریں۔وزارت مذہبی امور نے واضح کیا کہ کوئٹہ اور سکھر کے علاوہ پی آئی اے کے ساتھ سفر کرنے والے زائرین جدہ اور مدینہ ایئرپورٹس سے آب ز م ز م وصول کریں گے۔ پی آئی اے کے ساتھ سفر کرنے والے کوئٹہ اور سکھر کے زائرین پاکستان میں اپنے ہوائی اڈوں سے آب ز م ز م وصول کریں گے۔
سعودی ایئرلائنز، سیرین ایئر اور ایئرسیال کے ساتھ سفر کرنے والے عازمین پاکستان میں اپنے متعلقہ ہوائی اڈوں سے آب ز م ز م کا پانی وصول کریں گے۔اسی طرح عید الاضحی کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز نے بھی اپنے چچا اور وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کی طرح بہترین اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں اور سب سے احسن کام یہ کیا گیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی کرنیوالے ورکروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک بنیادی اضافی تنخواہ کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز نے وزارت اعلی کا منصب سنبھالتے ہوئے "پنجاب سپیڈ” کے ادوار کی طرح دن رات ایک کیا ہوا ہے نہ صرف لاہور بلکہ صوبہ بھر کے ہر ضلع کے دوروں کیساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبے اپنی زیر نگرانی مکمل کروارہی ہیں۔ ستھرا پنجاب منصوبہ انتہائی کامیابی کیساتھ جاری ہے ہر ضلع میں صفائی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
اسی طرح وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے بھی عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے موثر انتظامات پر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ چیئرمین سی ڈی اےچیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری انتظامیہ کو عیدالاضحی کے موقع پر قابل ستائش صفائی مہم مثر طریقے سے چلانے پر دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔عید الاضحی کے موقع پر ہی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ہم انشااللہ مزید محنت کریں گے تاکہ پاکستان کے اندر نہ صرف مہنگائی میں کمی آئے بلکہ کاروبار بھی آگے بڑھیں۔صرف سرمایہ کاری کو آگے بڑھایا جائے اور قابل نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار مہیا کرکے بااختیار بنایا جاسکے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ جس محنت اور ولولہ کیساتھ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں جلد ملک کی معیشت اپنی ڈگر پر آجائے گی اور تمام تر مسائل کا بخوبی حل نکل آئے گا۔عید الاضحی کے موقع پر سلام ہے اپنے وطن کی عظیم چٹان صفت مسلح افواج کو کہ جنہوں نے قوم کی خوشیوں کیلیے اپنی عیدیں وطن کے محاذوں پر گزاری ہیں۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہمیں حکومت پاکستان اور مسلح افواج سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کے ہمراہ اس وطن کی ترقی اور حفاظت کیلئے شانہ بشانہ کام کیا جائے۔
کالم
عیدالاضحی اور حکومتی اقدامات!
- by web desk
- جون 21, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 165 Views
- 6 مہینے ago