ریحان طاہر
دنیا بھر میں پاکستان کے وقار اور عزت میں جہاں اضافہ ہوا ہے، وہاں اس کا سہرا اُن تمام اداروں، شعبہ جات اور افراد کے سر جاتا ہے جو دن رات اپنے وطنِ عزیز کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم اور پراجیکٹ میدان آج عملی دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کر چکے ہیں۔ اس کامیابی کی بنیادی وجہ مسلم ہینڈز کے دنیا بھر میں جاری منصوبے، کھیل کے ذریعے سماجی بہتری کے اقدامات، اور ان منصوبوں کی عالمی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیاں ہیں، جنہوں نے لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
پاکستان میں آج بھی بعض ایسے ممالک ہیں جن کے سفارتخانے موجود نہیں، جس کی وجوہات میں باہمی تجارت، حکومتی روابط، سرمایہ کاری یا دیگر سفارتی معاملات شامل ہو سکتے ہیں۔ میکسیکو، جس کی آبادی تقریباً 14 کروڑ ہے، اُن ممالک میں شامل ہے جس کا پاکستان میں سفارتخانہ موجود نہیں۔ حالیہ سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ترکی میں موجود متعلقہ سفارتی حکام نے نہ صرف آمادگی کا اظہار کیا بلکہ بھرپور تعاون کیا، جبکہ صدرِ میکسیکو کی خصوصی سفارش پر چند ہی گھنٹوں میں تمام ٹیم ممبران کو ویزے جاری کیے گئے۔
بلاشبہ یہ پاکستانی اداروں پر عالمی اعتماد، پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار، اور دنیا میں ملک کے مثبت تشخص کی ایک روشن مثال ہے

