نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے محرم الحرام کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق سچ پر کھڑے رہنے کا درس دیتا ہے۔محرم الحرام کے دوران امن او ریگانگت کی فضا برقرار رکھنے کیلئے علماءکرام و مشائخ عظام کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتے۔ علماءکرام و مشائخ عظام نے ہمیشہ ملک وقوم کی رہنمائی کی ہے۔ہمیں باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملانا ہے۔آج وطن عزیز کو ہر محاذ پر چیلنجز کا سامناہے۔ہم نے بحیثیت قوم اتحاد اوراتفاق کی رسی کو پکڑ کر ان چیلنجز سے نمٹناہے۔وطن عزیز کی مٹی ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ ذاتی مفادات اور گروہی اختلافات بھلا کر ایک ہوجائیں ۔محرم ا لحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے علماءکرام و مشائخ عظام کو بھائی چارے،مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے۔ امیدہے کہ موجودہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر علماءکرام و مشائخ عظام ہمیشہ کی طرح یگانگت، یکجہتی او ربھائی چارے کو فروغ دیں گے۔ ہماری نجات اسوہ حسنہ اور فلسفہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ نواسہ رسول نے اپنے کردار اورعمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اورانسانی اقدار کاتحفظ سکھایا۔ حضرت امام حسین ؓکی جدوجہد ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے کاابدی پیغام ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے پہلے 10دنوں میں دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے،عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے پاک فوج کو طلب کر لیا ہے۔ اس سلسلے میںباضابطہ نوٹیفکیشن میں مذہبی تقریبات کے دوران سکیورٹی کو برقرار رکھنے کے لیے کئی دیگر پابندیوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ ان اقدامات میں جلوس نکالنے، اجتماعات اور کسی بھی ایسی سرگرمی پر پابندی شامل ہے جو امن عامہ میں ممکنہ خلل کا باعث بنیں۔ جلوسوں کے دوران چھریوں، تلواروں اور لاٹھیوں کے استعمال پر بھی سختی سے پابندی لگا دی گئی ہے۔محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران مکینوں اور شرکا کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے حکام نے جلوس کے راستوں پر گھروں اور دکانوں کی چھتوں پر شہریوں کے کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد کسی بھی حادثات یا واقعات کو روکنا ہے جو زیادہ بھیڑ یا غیر محفوظ رویے کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ 9اور 10محرم کو مذہبی عزاداری کے دوران موٹرسائیکل سے متعلقہ واقعات سے منسلک خطرات کو کم کرنے کی کوشش میں ڈبل سواری پر پابندی کا نفاذ کیا گیا ہے۔محرم الحرام کے دوران اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔ گھروں میں مورچے بنانے ِنفر ت انگیز تقاریر،نعرے بازی پر سخت کارروائی ہو گی۔ یہ اقدام سڑکوں پر لوگوں کی تعداد کو کم کرنے کی کوشش کرتا ہے، اس طرح حادثات کے امکانات کو کم کرنا اور عوامی تحفظ کو برقرار رکھنا ہے۔ علماءکرام اور مذہبی رہنماو¿ں کی تجاویز کی روشنی میں محرم انتظامات کو مزید مستحکم اور جامع بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ بیرونی عناصر پاکستان کو مستحکم اور قوم کو متحد نہیں دیکھ سکتے لیکن ہمیں اتحاد واتفاق قائم رکھتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ اس مرتبہ بھی سرکاری سطح پر محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاءبرقرار رکھنے کے لئے وسیع بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں تاہم اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علماءکرام کے گرانقدر کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جو امن سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں جن کی معاونت ومشاورت سے عشرہ محرم انتظامات کو بھی کامیاب بنائیں گے۔ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور دشمن کوکسی قسم کی تخریب کاری کا موقع نہ دیں۔ وطن عزیز سے محبت،سلامتی اور قومی وحدت کا تقاضا ہے کہ امن کو فروغ دیا جائے۔ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان کائنات کا سب سے عظیم معرکہ ہے جس میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور انکے خاندان نے حق کی سربلندی کی خاطر جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ واقعہ کربلا غیر متزلزل ایمان، بہادری، استقامت، جرات، صبر اور ایثار کی لازوال مثال ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں شدید بارش کے پیش نظر ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں پانی کے فوری نکاس کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے فی الفور تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ بارشی پانی کی نکاسی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسران نکاسی آب کا کام مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں۔ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں اور نالہ لئی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جائے۔

