کالم

معیشت کو دستاویزی شکل دینا ضروری ہے

چند ہفتے پہلے عالمی بنک نے کہا تھا کہ پاکستان کا معاشی ماڈل ناکارہ ہوچکا ہے معاشی ترقی کے فوائد اشرافیہ تک محدود ہیں’ پاکستان اپنے ساتھی ملکوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔غربت میں ہوئی کمی پھر سے بڑھنے لگی ہے ماضی میں ہوئی غربت میں خاطر خواہ کمی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔یہ سوچ پروان چڑھ رہی ہے کہ پالیسی بدلنا ضروری ہے قرضوں کی لاگت اور آمدنی کے ذرائع پائیدار نہیں،پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے’ زرعی اور توانائی شعبوں کی خرابیاں دور کی جائیں ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن کا مزید کہنا ہے کہ توانائی ریفارم کا محول مالی استحکام ہو’بہتر تقسیم،نجی شعبہ اور مہنگی کے بجائے متبادل بجلی بناننے پر توجہ ہو’ بظاہر پالیسی بدلنے کی سوچ پر اتفاق دکھائی دیتا ہے،تجربہ بتاتا ہے کہ ریفارمز کو روکا جاتا ہے’ پاکستان کے پاس روشن مستقبل کے لئے ایک ہونے کا موقع ہے حکومتی اخراجات کو بھی اصلاحات کی ضرورت ہے،آزاد معیشت اور نمو سے معیار زندگی بہتر ہوگا،کاروباری ماحول خصوصا چھوٹے کاروبار کو بہتر ماحول چاہیے ۔ عالمی بنک نے پاکستان کے معاشی نظام میں موجود جن نقائص کی نشاندہی کی ہے ایسا نہیں ہے کہ ہمارے ارباب اختیار واقتدار ان سے لاعلم ہیں لیکن وہ ان نقائص سے صرف نظر کئے ہوئے ہیں-ملک کو مہنگائی، معاشی بدحالی،اندرونی اور بیرونی سازشوں، سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی، اسمگلنگ، ملکی معیشت پر بوجھ بننے والے سرکاری اداروں کی نجکاری، توانائی کے بحران سمیت کئی چیلنج درپیش ہیں وطن عزیز کے ہر شعبے میں سرمایہ کاری کی زبردست گنجائش موجود ہے مگر ہم خطے کے دیگر ممالک کی نسبت اس لئے پیچھے ہیں کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو جو تحفظ اور سرکاری معاملات میں سہولت درکار ہے وہ فراہم نہیں کی جاسکی’پاکستان کو درپیش اندرونی معاشی بگاڑ نے سیاسی استحکام کو ہی نہیں بلکہ بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بھی متاثر کر رکھا ہے نگران حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے بجٹ پر ثابت قدمی سے عمل،توانائی کی قیمتوں میں مسلسل ایڈ جسٹمنٹ اور زرمبادلہ کی مارکیٹ میں غیر ملکی کرنسیوں کے بہاﺅ سے مالیاتی اور بیرونی دباو میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے آئندہ چند ماہ میں مہنگائی کی شرح میں کمی متوقع ہے تاہم پاکستان کو نمایاں طور پر بیرونی خطرات کا بھی سامنا ہے جس میں جغرافیائی،سیاسی کشیدگی،اشیا کی قیمتوں میں اچانک اضافہ اور عالمی مالیاتی شرائط کا مزید سخت ہونا شامل ہیں عالمی مالیاتی ادارے مطالبہ کر رہے ہیں پاکستان کی معیشت کو دستاویزی شکل دی جائے، گردشی قرضے کم کئے جائیں، اشرافیہ کی مراعات اور حکومتی اخراجات میں کمی کی جائے، نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی نجکاری کی جائے، امیر پر ٹیکس اور غریبوں کو ریلیف دیا جائے، انرجی اور ٹیکس سیکٹر میں اصلاحات لائی جائیں، اسمگلنگ اور کرپشن پر قابو پایا جائے ملک کی مجموعی قومی پیدوار میں ٹیکس آمدنی کا حصہ جنوبی ایشیائی خطے میں اوسط سے کم ہے قومی آمدنی میں ٹیکس آمدنی کا حصہ بڑھانے کےلئے ٹیکس چوری کو روکنے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے معیشت کا دستاویزی ہونا ضروری ہے ملک میں متعدد کاروبار ایسے ہیں جہاں لین دین کا کوئی مصدقہ ریکارڈ حکومتی اداروں کے پاس موجود نہیں اس لئے ٹیکس چوری کے راستے کھلے ہیں ماضی میں ان شعبوں کی دستاویز سازی کے لئے حکومتوں نے بے دلی سے کام کیا اور ہلکی مزاحمت پر پسپائی اختیار کر لی گئی حکومتیں بالواسطہ ٹیکسوں میں اضافے اور پہلے سے ٹیکس دینے والے شعبوں پر مزید ٹیکس لگا کر وصولیاں بڑھانے میں مصرو ف رہی ہیں یوں معیشت کا ایک حصہ ٹیکس سے بدستور محفوظ ہے جبکہ دوسری جانب تنخواہ دار طبقے یا پروفیشنلز پر ٹیکسوں کی شرح میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے پٹرول ‘ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے مہنگائی کا سونامی آیا ہوا ہے ٹیکس در ٹیکس لگائے جانے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں میں کمی آرہی ہے اگر ماضی میں حکومتوں نے معیشت کو دستاویزی بنانے اور تمام شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے خلوص نیت کے ساتھ اقدامات کئے ہوتے اور معمولی مزاحمت پر پالیسیوں سے پسپائی اختیار نہ کی ہوتی تو آج توانائی کے شعبے پر بھاری ٹیکس اور اشیائے ضروریہ پر جی ایس ٹی کی18فیصد شرح کو کم کرنا ممکن ہوتا مگر بد قسمتی سے حالات یہ ہیں کہ معیشت کا ایک بڑا حصہ ٹیکس نیٹ سے باہر ہے اور ایک چھوٹا حصہ ملکی معیشت کا سارا بوجھ اٹھا ر ہا ہے-پاکستان میں بر سر اقتدار آنے والی تمام حکومتوں نے اگر وسائل کا بہتر استعمال کیا ہوتا،غیر پیداواری اخراجات پر کنٹرول کیا ہوتا،آمدن اور اخراجات میں توازن رکھا جاتا،ٹیکس کا نظام بہتر بناتے، سرکاری اداروں کی کارگردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جاتی’ ریاست کے زیر انتظام پیداواری اداروں کی نجکاری کے بجائے انہیں منافع بخش ادارے بناتے تو یقینا آج حالات مختلف ہو تے۔افسوس کہ ملک کو معاشی زبوں حالی سے نکالنے اور استحکام کی جانب گامزن کرنے کے لئے ایک مربوط معاشی پالیسی بھی نہ سکی-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

güvenilir kumar siteleri