وطن عزیز پاکستان میں اِس وقت معیشت کی صورتحال انتہائی مثبت جارہی ہے ،عالمی اداروں کی جانب سے پاکستانی معیشت کے حوالے سے اعدادوشمار انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا ہیں۔ڈالر کی اڑان رک چکی ہے ، پیٹرول،ڈیزل کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں،بجلی کے حوالے سے بھی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔سب سے بڑھ کر اور انتہائی اہم پیشرفت بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہے جس کا سہرا وزیر اعظم اور اِن کی پوری ٹیم کوجاتا ہے ۔دوسرا سب سے بڑا اقدام سی پیک منصوبے پر مزید برق رفتاری سے کام کاجاری ہونا ہے۔اور تیسرا سب سے مثبت اور اہم اقدام حکومت کی خارجہ پالیسی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف مسلمان دوست ممالک بلکہ پوری دنیا اِس وقت پاکستان کواحسن انداز سے نہ صرف دیکھ رہی ہے بلکہ تعلقات کے ایک نئے دورکا آغاز ہورہاہے۔حکومت کی خارجہ پالیسی کی کامیابی اور وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کے کشمیر،فلسطین سمیت دیگردوٹوک موقف کی وجہ سے بھی پاکستان کو اِس وقت دنیا میں کلیدی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔معیشت کے حوالے سے اِن ساڑھے 8ماہ میں جتنے اقدام ہوئے اور بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے جتنا کام ہورہاہے شاید ہی پاکستان کی تاریخ میں اتنی برق رفتاری سے پہلے کبھی کام ہواہو۔سی پیک منصوبہ یقینا مسلم لیگ ن کے دورحکومت کا شاہکار ہے جس کا سہرا قائد وصدر مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کو جاتا ہے لیکن اِس وقت ملک میں (ایس سی او)سی پیک منصوبوں میں توسیع،سعودی عرب کیساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے نئے دورکا آغاز وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کی محنتوں کانتیجہ ہے۔گزشتہ روز ہی سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح تین روز ہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر پٹرولیم محمد مصدق ملک نے اعلیٰ حکام کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا۔سعودی وزیر،نجی کمپنیوں کے نمائندوں اوراعلیٰ سرکاری حکام کے ہمراہ پاکستان میں مصروف وقت گزاریں گے جبکہ اس دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تجارتی و سرمایہ کاری کے باہمی معاہدوں اور اہم یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔ اسلام آباد ائیر پورٹ پر معزز مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہناتھا کہ سعودی عرب سے سرمایہ کاری کےلئے سرکاری حکام اور نجی کمپنیوں کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح کا دورہ دونوں ملکوں کےلئے سرمایہ کاری کے شعبے میں اہم سنگ میل ہو گا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس دورے سے سعودی عر ب اور پاکستان کے مابین گہرے برادرانہ روابط مزید مضبوط ہونگے اور دوطرفہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی نجی کمپنیاں سعودی عرب سے سرمایہ کاری اور دو طرفہ بزنس کےلئے مکمل طور پر تیار ہیں جبکہ سرمایہ کاری کی وزارت کی طرف سے بھی سعودی حکام کے اس دورے کی تیاریاں پہلے سے ہی مکمل ہیں۔ سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح کے اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وفاقی وزرا عبدالعلیم خان، جام کمال خان اور مصدق ملک پر امید نظر آئے اور اس دورے کو نتائج کے اعتبار سے انتہائی سود مند ہونے کی توقع کا اظہار کیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کا ایک نئے دور شروع ہونیوالا ہے جس میں نہ صرف پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ دوستی کے اِس عظیم رشتے میں بھی مزید نکھار پیدا ہوگا۔سعوی عرب ہویاایران،چین ہویاترکی جتنے بھی بڑے ممالک ہیں اور پاکستان کے قریبی دوست ممالک ہیں ان کے نئے اور دوستانہ تعلقات میں گرمجوشی مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں ہی بڑھی۔سعودی وزیر کادورہ انتہائی اہم ہے سعودی وزیر اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف اور صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ملاقاتیں کرینگے اور تین روزہ دورے کے دوران بزنس کمیونٹی سے بھی اہم اجلاس ہونگے اور نئے منصوبوں کا آغاز کیاجائے گا۔