پاکستان کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ملک کا سیاسی، انتظامی، سفارتی اور تعلیمی مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری آبادی کا بھی اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔ 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری نے وفاقی دارالحکومت کی آبادی، عمرانی ساخت، صنفی تناسب اور نوجوان نسل کی بڑھتی تعداد کے حوالے سے کئی اہم حقائق سامنے لائے ہیں، جو مستقبل کی قومی منصوبہ بندی کیلئے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔اسلام آباد کو 1960 کی دہائی میں ایک منظم اور خوبصورت دارالحکومت کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ اس شہر کا مقصد ایک ایسا جدید انتظامی مرکز قائم کرنا تھا جو نہ صرف پاکستان کی شناخت بن سکے بلکہ بڑھتی آبادی کے تقاضوں کو بھی پورا کرے۔ تاہم گزشتہ چند دہائیوں میں آبادی میں غیر معمولی اضافے نے اسلام آباد کو ایک وسیع شہری خطے میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں ملک کے تقریبا ہر حصے سے لوگ بہتر مستقبل کی امید لے کر آتے ہیں۔2023 کی مردم شماری کے مطابق اسلام آباد کی مجموعی آبادی تقریبا 23 لاکھ 63 ہزار 863 نفوس تک پہنچ چکی ہے۔ یہ تعداد اس بات کی غماز ہے کہ وفاقی دارالحکومت اب محض ایک سرکاری شہر نہیں رہا بلکہ ایک بڑا سماجی، معاشی اور تجارتی مرکز بن چکا ہے۔ اسلام آباد میں آبادی کا یہ اضافہ کئی عوامل کا نتیجہ ہے جن میں روزگار کے مواقع، بہتر تعلیمی ادارے، اعلیٰ طبی سہولیات، نسبتا بہتر امن و امان اور جدید شہری انفراسٹرکچر شامل ہیں۔ اسلام آباد کی آبادی کے صنفی تناسب پر نظر ڈالیں تو مردم شماری کے مطابق مردوں کی تعداد تقریبا 12 لاکھ 47 ہزار 693 جبکہ خواتین کی تعداد 11 لاکھ 15 ہزار 900 ہے۔ اس کے علاوہ خواجہ سرا افراد کی تعداد 270 ریکارڈ کی گئی۔ مرد آبادی کا تناسب خواتین سے قدرے زیادہ ہے، جس کی ایک بڑی وجہ ملک کے مختلف علاقوں سے روزگار کے سلسلے میں مرد افراد کی بڑی تعداد میں ہجرت بھی ہے۔ تعمیرات، نجی اداروں، سرکاری ملازمتوں اور کاروباری شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع اسلام آباد کو ایک پرکشش شہر بناتے ہیں۔مردم شماری کے اعداد و شمار کا سب سے اہم پہلو نوجوان آبادی کا بڑھتا ہوا تناسب ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی تقریبا 38 فیصد آبادی 18 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ تقریبا نو لاکھ سے زائد بچے اور نوجوان وفاقی دارالحکومت کی آبادی کا حصہ ہیں۔ یہ نوجوان نسل مستقبل میں ملک کی معاشی، سماجی اور سائنسی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے، بشرطیکہ انہیں مناسب تعلیم، تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ماہرین کے مطابق نوجوان آبادی کسی بھی ملک کیلئے آبادیاتی سرمایہ ثابت ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد میں موجود نوجوانوں کی بڑی تعداد مستقبل میں پاکستان کی افرادی قوت کو مضبوط بنانے میں معاون بن سکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت تعلیمی اداروں، ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز، ڈیجیٹل اسکلز پروگرامز اور صحت کی سہولیات میں مزید سرمایہ کاری کرے۔ اگر نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور ہنر نہ مل سکے تو یہی بڑھتی آبادی بے روزگاری، جرائم اور سماجی مسائل میں اضافے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی شہری منصوبہ بندی کیلئے بھی ایک بڑا چیلنج بن رہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کا کل رقبہ تقریبا 906 مربع کلومیٹر پر مشتمل ہے، مگر آبادی کے مسلسل اضافے کے باعث رہائشی سہولیات، ٹرانسپورٹ، پانی کی فراہمی، سیوریج ، بجلی اور ماحولیاتی تحفظ جیسے شعبوں پر دبا بڑھتا جا رہا ہے۔ کئی علاقوں میں غیر منصوبہ بند آبادیاں اور رہائشی کالونیاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، جس سے شہر کی اصل منصوبہ بندی متاثر ہو رہی ہے۔ٹریفک کا بڑھتا ہوا دبا بھی اسلام آباد کے اہم مسائل میں شامل ہو چکا ہے۔ چند برس قبل تک اسلام آباد کو کشادہ اور پرسکون سڑکوں کا شہر کہا جاتا تھا، مگر اب روزانہ لاکھوں گاڑیاں سڑکوں پر موجود ہوتی ہیں۔ خاص طور پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرنے والے افراد کی بڑی تعداد نے ٹریفک کے مسائل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اگر جدید ماس ٹرانزٹ سسٹم، ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ اور بہتر شہری منصوبہ بندی پر فوری توجہ نہ دی گئی تو مستقبل میں یہ مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔اسلام آباد میں آبادی کے اضافے کا ایک مثبت پہلو معاشی سرگرمیوں میں اضافہ بھی ہے۔ نئی ہاسنگ سوسائٹیز، تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے، آئی ٹی کمپنیاں اور سروس سیکٹر کی ترقی نے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا کیے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اب پاکستان کے اہم آئی ٹی اور فری لانسنگ مراکز میں بھی شامل ہوتا جا رہا ہے، جہاں نوجوان نسل ڈیجیٹل معیشت میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی بڑھتی آبادی ایک اہم مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ اسلام آباد اپنی قدرتی خوبصورتی، سرسبز پہاڑیوں، جنگلات اور صاف فضا کے لیے مشہور تھا، مگر شہری پھیلا کے باعث گرین ایریاز کم ہو رہے ہیں۔ درختوں کی کٹائی، فضائی آلودگی اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے نے ماحولیات پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی اور ماحول کو محفوظ رکھنے کیلئے سخت ماحولیاتی قوانین اور جدید اربن پلاننگ ناگزیر ہو چکی ہے۔ 2023 کی مردم شماری یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ اسلام آباد مستقبل میں ایک بڑے میٹروپولیٹن خطے کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد عملی طور پر ایک دوسرے سے جڑ چکے ہیں اور دونوں شہروں کی مشترکہ آبادی کروڑوں کے قریب پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین ایک مربوط جڑواں شہروں کی ترقیاتی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں تاکہ دونوں شہروں میں آبادی، ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور شہری سہولیات کے مسائل کو مشترکہ طور پر حل کیا جا سکے۔2023 کی مردم شماری نے اسلام آباد کے بدلتے ہوئے سماجی اور شہری خدوخال کو واضح انداز میں نمایاں کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آبادی کا بڑھتا ہوا دبا ایک طرف ترقی، معاشی سرگرمیوں اور نوجوان افرادی قوت کی علامت ہے، تو دوسری طرف یہ شہری منصوبہ بندی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے نئے چیلنجز بھی پیدا کر رہا ہے۔ اگر حکومت اور متعلقہ ادارے بروقت اور مثر منصوبہ بندی کریں تو اسلام آباد مستقبل میں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے ایک جدید، پائیدار اور ترقی یافتہ شہر کے طور پر ابھر سکتا ہے۔

