پاکستانی ٹیم معیاری ٹیم ہے، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی ، ٹیم ساؤتھی
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے کہا کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں ایک بڑا خطرہ ثابت ہو گی کیونکہ وہ ایک معیاری ٹیم ہے جسے شکست دینے کیلئے ہمیں ان سے اچھی کرکٹ کھیلنا پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق ٹم ساؤتھی کا کہنا ہے کہ جب ٹیم ٹاپ فور میں پہنچ جاتی ہے تو آگے جانے کا چانس ہر ٹیم کے پاس ہوتا ہے، ہم حال ہی میں متعدد بار پاکستان کے خلاف کھیلے ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ وہ ایک خطرناک ٹیم ہے۔
ٹم ساؤتھی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم غالباً یہ سوچ رہی تھی کہ سیمی فائنل میں جانے کیلئے اس کے پاس زیادہ چانس نہیں ہے مگر انہوں نے بہت ہی شاندار کارکردگی دکھائی اور سیمی فائنل میں اب ہمارا ان کیساتھ مقابلہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیمی فائنل ایک دلچسپ مرحلہ ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم جس طرح کھیل رہے ہیں ویسے ہی سیمی فائنل میں بھی کارکردگی دکھائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل 9 نومبر کو ہو گا جبکہ 10 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔