خاص خبریں

یوم یکجہتی کشمیر، صدر، وزیراعظم و سیاسی قیادت کشمیری حق خودارادیت پر متحد

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی اورکزئی اور خیبر کے اضلاع میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن اور 24 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسزکو شاباش

اسلام آباد:یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سمیت قومی قیادت نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق من مانے حراستی اقدامات اور اجتماعی سزاؤں میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ صدر نے یاد دلایا کہ 1989 میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے یومِ یکجہتی کشمیر کے باقاعدہ انعقاد کا آغاز کیا تھا، اور آج دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی اسی جذبے کے ساتھ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے کشمیری عوام غیرقانونی بھارتی قبضے کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں، جبکہ میڈیا پر قدغنیں، قیادت کی گرفتاریاں، گھروں کی مسماری اور ڈیجیٹل آزادیوں پر پابندیاں حقیقت کو چھپانے کی دانستہ کوششیں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ حل طلب تنازع ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازع خطہ ہے اور اس کے حتمی مستقبل کا فیصلہ آزاد، غیرجانبدار رائے شماری سے ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر پر جبری تسلط مضبوط بنانا تھا، جبکہ بھارتی قابض افواج کے اقدامات اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے