- الإعلانات -

آخری اوور میں چار چھکے مکمل تباہی تھے، بین سٹوکس

لندن ۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر بین سٹوکس کا کہنا ہے کہ جب ورلڈ ٹی 20 کے فائنل کے آخری اوور میں انہیں لگاتار چار چھکے پڑے تو ایسے لگا کہ ان کی ساری دنیا ہل کر رہ گئی۔ ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر کارلوس براتھویٹ نے بین سٹوکس کو ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میں چار گیندوں پر لگا تار چار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو چیمپئن بنا دیا تھا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا کہ ہم ورلڈ کپ ہار چکے ہیں، یہ مکمل طور پر تباہ کن تھا۔ انہوں نے ویسٹ انڈین بلے باز کارلوس براتھویٹ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں زبردست شخصیت قرار دیا، انہوں نے کہا کہ میچ کے بعد براتھویٹ میرے پاس آئے اور شرٹ کےلئے کہا، میں بھی ان کی کارکردگی کی تعریف کرنا چاہتا تھا کیونکہ میں یہ نہیں چاہتا تھا کہ لوگ مجھے تلخ سمجھیں، میں نے انہیں آل دی بیسٹ کہا، یہ مخالف ٹیم کا احترام کرنے سے متعلق ہے کیونکہ جو پچ پر ہو اسی تک رہنا چاہئے۔ 24 سالہ سٹوکس نے یقین ظاہر کیا کہ یہ سیٹ بیک مجھے بہترین پلیئر بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ 24 اپریل کو کاﺅنٹی چیمپئن شپ میں مڈل سیکس کے خلاف دوبارہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔