- الإعلانات -

آئی پی ایل کھیلنے والا ایک اور غیر ملکی کھلاڑی کرونا میں مبتلا

ممبئی: آئی پی ایل میں شرکت کرنے والے نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹم سیفرٹ بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹم سیفرٹ جوکہ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کررہے تھے، عالمی وبا کرونا میں مبتلا ہوگئے، جس کے باعث وہ اپنے دیگر ہم وطن کھلاڑیوں کے ساتھ واپس نیوزی لینڈ روانہ ہونے سے محروم ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹم سیفرٹ نے بھارت چھوڑنے سے قبل اپنا پی سی آر ٹیسٹ کرایا، جس میں کرونا کی عام علامات ظاہر ہوئی، ٹم سیفرٹ اسی وقت چنئی کے نجی اسپتال میں آئیسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل میں شامل کیویز کھلاڑیوں کو بھارت سے وطن واپس لانے کے لئے دو چارٹر طیارے حاصل کئے تھے ،ان میں سے ایک کھلاڑیوں کو لیکر نیوزی لینڈ روانہ ہوگئی ہے، نیوزی لینڈ جانے والے کھلاڑیوں کا آکلینڈ پہنچنے پر ایک بار پھر کووڈ ٹیسٹ کیا جائے گا ،ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں قرنطینہ کرنا ہوگا۔

دوسری جانب بھارت میں کرونا کا شکار ہونے والے ٹم سیفرٹ قرنطینہ کا دورانیہ مکمل کرینگے ، بعد ازاں ان کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا، ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں دوبارہ نیوزی لینڈ منتقل کیا جائے گا ، جہاں انہیں مزید چودہ روز آئسولیشن میں گزارنے ہونگے۔

اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شامل سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل ہسی بھی عالمی وبا کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ انڈین پریمیر لیگ کی بائیو سیکیور ببل میں کرونا انفیکشن پھیل جانے کے سبب آئی پی ایل کے 14ویں سیزن کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کیا جاچکا ہے، انڈین کرکٹ پریمیئر لیگ ملتوی ہونے سے قبل دو کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے باعث کولکتہ نائٹ رائیڈرز اوررائل چیلنجرز کے درمیان ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔