معیشت و تجارت

ایل پی جی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ، اوگرا کا نوٹی فکیشن

لاہور: اوگرا نوٹیفیکیشن کے بغیر چوتھی بار ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا۔چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی 230 روپے فی کلو سے بڑھ کر 240 روپے فی کلو ہوگئی جس کے بعد گھریلو سلنڈر 2830 روپے اور کمرشل سلنڈر 10900 روپے ہوگیا۔پہاڑی و دور دراز کے علاقوں میں ایل پی جی 370روپے فی کلو ہوگئی، گھریلو سلنڈر 4130 اور کمرشل سلنڈر 15890روپے ہوگیا جبکہ سرکاری قیمت 177روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 2092 روپے مقرر ہے۔چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا کہ گیس مافیا کا حکومت اور اوگرا کو کھلم کھلا چیلنج ہے، ملک بھر میں سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی عدم فروخت ہے جبکہ گیس مافیا غریب عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں، حکومت و سرکاری ادارے بے بس نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5 اور 6 اگست کو ہونے والی ہڑتال اٹل ہے، خیبر سے کراچی تک گیس سپلائی بند کر دی جائے گی۔ ایل پی جی دکاندار کا قلع قمع کرنے کے بجائے بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کا قلع قمع کیا جائے، عوام کو اس مہنگائی میں سرکاری قیمت پر ایل پی جی فراہم کی جائے۔چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارہ ایس ایس جی سی بلیک مارکیٹنگ میں پہلے نمبر پر ہے، ملک میں وافر مقدار میں گیس دستیاب ہے اور ناجائز منافع خوری کے لیے مصنوعی قلت پیدا کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے