ملک بھر میں شدید بارشوں اور بدترین سیلاب سے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو اندازاً 12 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
ملک بھر میں جون سے جاری مون سون بارشوں کے سلسلے کے باعث اور سیلابی ریلوں سے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو اندازاً 12 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، جس میں سے ساڑھے 8 ارب روپے ریلوے پلوں اور پٹری کو پہنچنے والے شدید نقصان کا ہے، اور ساڑھے 3 ارب روپے ٹکٹوں پر رقوم کی واپسی، ڈیزل، انتظامی معاملات اور ٹرین آپریشن بند ہونے کی مد میں شامل ہیں۔
ریلوے حکام نے ٹرین آپریشن شروع کرنے سے پہلے ریلوے پلوں کی مرمت کیلئے ٹیکنیکل برج اسٹاف اور گینگ مین عملہ پر مشتمل ٹیموں کو مختلف حصوں پر لگا دیا ہے۔
ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ تیمور اور ایڈیشنل جنرل مینجر ریلوے انفراسٹرکچر ارشد اسلام خٹک کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے ریلوے کے ڈھانچے کو حددرجہ نقصان پہنچا ہے اور جب تک سیلاب کا پانی ریلوے پٹری اور پلوں سے نیچے نہیں اتر جاتا ہے اس وقت تک پورے طور پر ٹرین آپریشن شروع نہیں کیا جا سکتا۔