خاص خبریں

آلائشوں کی تیز ترین انتظام کاری میں سندھ سب سے آگے

آلائشوں کی تیز ترین انتظام کاری میں سندھ سب سے آگے

 

کراچی: عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے سندھ ملک بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کیے ہوئے ہے۔ پاکستان کے مختلف صوبوں سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں آلائشوں اور جانوروں کی باقیات کو بروقت اٹھانے اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے سب سے تیز ترین پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کے دوران اب تک ایک لاکھ چونسٹھ ہزار ٹن سے زائد آلائشیں، کچرا اور قربانی کے جانوروں کی باقیات لینڈ فل سائٹس اور جی ٹی ایس شرافی منتقل کی جا چکی ہیں۔ شہر بھر میں صفائی آپریشن تاحال جاری ہے اور آخری آلائش اٹھائے جانے تک یہ سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔

عیدالاضحیٰ کے دوران شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہیلپ لائن 1128 چوبیس گھنٹے فعال رہی، جبکہ کمشنر کراچی آفس میں قائم ریسکیو 1129 کنٹرول روم اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ہیڈ آفس میں قائم کردہ شکایتی سیل نے بھی مسلسل نگرانی اور رابطہ کاری کے ذریعے شکایات کے حل میں مؤثر کردار ادا کیا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق موصول ہونے والی 90 فیصد سے زائد شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔

صفائی آپریشن کے دوران شکایتی مراکز، مانیٹرنگ ٹیموں، فیلڈ عملے اور صفائی ورکرز کے درمیان مربوط رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں آلائشوں کی بروقت منتقلی اور صفائی کی صورتحال برقرار رکھنے میں مدد ملی۔ ماہرین کے مطابق سندھ میں نافذ کیے گئے مربوط شکایتی اور مانیٹرنگ نظام نے عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق آلائشوں کی منتقلی، شکایات کے ازالے اور آپریشنل استعداد کے حوالے سے سندھ اس وقت ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے