خلیج تعاون کونسل نے پاکستان اور بھارت کو کشیدگی ختم کرکے مذاکرات شروع کرنے کا مشورہ دے دیا جبکہ عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے جنوبی ایشیا میں بگڑتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر کونسل کے رکن ممالک کی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت مسلمانوں کو قربانی کا بکرا نہ بنائے، اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات کرے۔
انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان فوری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی دوران سیکرٹری جنرل نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی جس میں درجنوں بے گناہ افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔
جاسم البدیوی نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق اختلافات کے حل کے لیے پرامن ذرائع اختیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھا جا سکے، انہوں نے دہشت گردی کی مخالفت میں خلیج تعاون کونسل کے ثابت قدم اور اصولی موقف کا بھی اعادہ کیا۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری سے اپنی کوششیں تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب تنظیم کے آزاد ہیومن رائٹس کمیشن جدہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں اجتماعی سزاں کی پالیسی ترک کرے ، بھارتی انتہاپسند مسلمانوں کے خلاف کارروائیوں کو ہوا دے رہے ہیں، 20 کروڑ بھارتی مسلمانوں کا تحفظ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
او آئی سی کمیشن نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر زور ڈالے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے باز رہے اور تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔
دنیا
خلیج تعاون کونسل کا پاکستان اور بھارت سے فوری مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ
- by Daily Pakistan
- مئی 4, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 138 Views
- 3 ہفتے ago